حسنی مبارک کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا
3 اگست 201183 سالہ حسنی مبارک کے اس عدالتی ٹرائل کے موقع پر مصر بھر میں مختلف طرح کی افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں، تاہم حکومتی موقف ہے کہ حسنی مبارک کو رواں برس کے آغاز پر قاہرہ میں اُس وقت کی حکومت کے خلاف شروع ہونے والے زبردست احتجاج کے دوران مظاہرین کے قتل عام کی ہدایات دینے جیسے الزامات کے تحت عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔
حسنی مبارک رواں برس اپریل سے مصر کے تفریحی مقام شرم الشیخ کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ میڈیکل ذرائع کے مطابق منگل کے روز حسنی مبارک کے خاندان کے افراد منگل کے روز ان سے ملنے ہسپتال پہنچے۔ ہسپتال ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ منگل کو شرم الشیخ میں میڈیکل سہولیات سے آراستہ ایک طیارہ بھی پہنچا ہے۔ غالباً اسی طیارے کے ذریعے مبارک کو قاہرہ پہنچایا جائے گا۔
دوسری جانب مظاہرین کی ایک بڑی تعداد حسنی مبارک کے عدالت کا سامنا کرنے کے موقع پر عدالت تک پہنچنے کی کوششیں کر رہی ہے۔ مبصرین کا خیال ہے کہ اگر کسی صورت مبارک کو عدالت میں پیش نہ کیا جا سکا، تو اس کا نتیجہ پرتشدد واقعات کی صورت میں برآمد ہو سکتا ہے۔
تاہم بعض مبصرین کا خیال ہے کہ ملک کی موجودہ فوجی حکومت ممکنہ طور پر سابق صدر کو عوامی تذلیل سے بچانے کے لیے ان کی آمد کو مؤخر بھی کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ مصر میں رواں برس جنوری میں شروع ہونے والے شدید عوامی مظاہروں کے بعد فروری میں حسنی مبارک عہدہ صدرات سے دستبردار ہو گئے تھے۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : امجد علی