1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جیل سے فرار کے لیے سرنگ کی کھدائی، کتے نے پکڑوا دیا

مقبول ملک16 اگست 2015

یونانی جزیرے کارفُو کی ایک جیل کے قیدیوں کا فرار کے لیے سرنگ کی کھدائی کا منصوبہ ایک جاسوس کتے کی وجہ سے بیچ راستے میں ناکام ہو گیا۔ حکام کے بقول یہ کتا جرائم کے خلاف کامیاب جنگ کو ایک نئی بے مثال سطح تک لے گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1GGMh
تصویر: Fotolia

یونانی دارالحکومت ایتھنز سے اتوار سولہ اگست کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جاسوس کتے عام طور پر بہت قابل اعتماد اور اچھے مددگار ثابت ہوتے ہیں لیکن جس قسم کی کارکردگی کا مظاہرہ کارفُو کی جیل کے سکیورٹی کتے نے کیا، وہ واقعی آج سے پہلے دیکھنے میں نہیں آئی تھی۔

یونانی نیوز ایجنسی اے این اے نے بتایا کہ یہ واقعہ کل ہفتے کے روز پیش آیا۔ جیل کا ایک محافظ صبح سویرے اس کتے کو سیر کرانے کے لیے لے جا رہا تھا کہ ایک خاص جگہ پر اس کتے کو بظاہر ایسی آوازیں سنائی دینے لگیں کہ جیسے وہاں زیر زمین کوئی کھدائی کی جا رہی ہو۔ اس پر یہ کتا وہیں ٹھہر گیا۔ اس کی دیکھ بھال کے ذمے دار سکیورٹی اہلکار نے اسے آگے لے جانے کی بہت کوشش کی لیکن کتا ٹس سے مس نہ ہوا۔

جیل حکام کے مطابق اس دوران اس کتے نے بار بار اپنے دونوں کان اس طرح کھڑے کیے جیسے بڑی توجہ سے کوئی مشکوک آوازیں سننے کی کوشش کر رہا ہو۔ اس پر متعلقہ محافظ نے، جو خود بھی کتے کے اس رویے پر شش و پنج کا شکار ہو چکا تھا، اپنی مدد کے لیے دیگر پولیس اہلکاروں کو وہاں بلا لیا۔

پھر اس کتے نے جیل کے عملے کی موجودگی میں اپنی بہت تیز حسیات کو استعمال کرتے ہوئے ایک خاص سمت میں جانا شروع کر دیا۔ کچھ ہی دیر بعد یہ کتا اور جیل کے کئی سکیورٹی اہلکار ایک ایسی جگہ تک پہنچ گئے، جہاں زمین کے نیچے کئی قیدی ایک سرنگ کھودنے میں مصروف تھے۔ جس وقت اس جاسوس کتے نے قیدیوں کا راز فاش کیا، اس سے پہلے جیل سے فرار کے لیے وہ کئی میٹر طویل سرنگ کھود چکے تھے۔

اے ایف پی نے اس بارے میں اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ یونانی جزیرہ کارفُو 1814 سے لے کر 1864 تک ایک ایسا نیم خود مختار علاقہ تھا، جسے برطانیہ کا تحفط حاصل تھا۔ اس عرصے کے دوران اس جزیرے پر برطانوی حکمرانوں کے حکم پر ایک بڑی سرنگ کھودی گئی تھی۔

اس جزیرے پر قائم جیل سے قیدیوں کے فرار کو روکنے کے لیے ایسا ہی ایک جاسوس کتا 1996ء میں بھی حکام کے بہت کام آ سکتا تھا، لیکن تب ایسا نہیں ہوا تھا۔ اس وقت اسی جیل کے نیچے برطانوی راج کے دور میں بنائی گئی سرنگ استعمال کرتے ہوئے کئی درجن سزا یافتہ قیدی اس جیل سے فرار ہو گئے تھے۔