1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جوکووچ: انعامی رقوم سے آمدنی کا نیا ریکارڈ

14 ستمبر 2011

پیر کے روز ٹینس کے یو ایس اوپن ٹورنامنٹ میں مردوں کا فائنل جیتنے والے 24 سالہ عالمی نمبر ایک کھلاڑی نوواک جوکووچ نے اے ٹی پی کی طرف سے بطور انعام ملنے والی رقوم کی وجہ سے آمدنی کا ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12YjX
24 سالہ عالمی نمبر ایک کھلاڑی نوواک جوکووچتصویر: dapd

سربیا سے تعلق رکھنے والے جوکووچ نے جب پیر کو یو ایس اوپن کا مردوں کا سنگلز ٹائٹل جیتا، تو امسالہ سیزن کے دوران انہوں نے جو گرینڈ سلام ٹورنامنٹ جیتے، ان کی تعداد بھی تین ہو گئی تھی۔ اس طرح نوواک جوکووچ کو یہ تین گرینڈ سلام مقابلے جیتنے پر بطور انعام اتنی زیادہ رقوم ملیں کہ ٹینس کے پیشہ ور کھلاڑیوں کی تنظیم ATP کے مطابق یہ بذات خود ایک نیا عالمی ریکارڈ تھا۔

جوکووچ نے اس سال کے دوران پیشہ ور کھلاڑی کے طور پر اب تک ٹینس کے جو 66 میچ کھیلے ہیں، ان میں سے انہیں 64 میں کامیابی ملی۔ مجموعی طور پر US Open جیتنے کے بعد اس عالمی نمبر ایک کھلاڑی کو سال 2011 میں اب تک اے ٹی پی پرائز منی کی صورت میں جو آمدنی ہوئی، وہ 10.6 ملین ڈالر بنتی ہے۔

Tennis French Open 2011 Rafael Nadal
ہسپانوی کھلاڑی رافائل نادالتصویر: AP

ان سے پہلے ٹینس کے جو دو کھلاڑی ایک ہی سیزن میں اتنی زیادہ رقم کے قریب قریب رقوم کما چکے ہیں، ان میں سے ایک رافائل نادال ہیں اور دوسرے روجر فیڈرر۔ ان میں سے نادال نے گزشتہ برس 10 ملین ڈالر سے زائد کی رقوم کمائی تھیں جبکہ چار سال پہلے صرف ایک سیزن میں روجر فیڈرر کی آمدنی بھی دس ملین ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی۔ لیکن اب ان دونوں کے فی کس 10.2 ملین ڈالر کے مقابلے میں نوواک جوکووچ ایک سیزن میں 10.6 ملین ڈالر کمانے میں کامیاب رہے۔

گزشتہ پیر کی رات نیو یارک میں یو ایس اوپن کے فائنل میں جوکووچ نے نادال کو ہرا کر 2.3 ملین ڈالر بطور انعام حاصل کیے۔ ان میں سے 1.8 ملین ڈالر انہیں یہ گرینڈ سلام ٹورنامنٹ جیتنے پر دیے گئے جبکہ باقی ماندہ پانچ لاکھ ڈالر انہیں اس لیے بطور انعام ملے کہ ہارڈ کورٹ پر کھیلتے ہوئے وہ اس ٹورنامنٹ میں سیریز اسٹینڈنگ جیتنے میں بھی کامیاب ہو گئے تھے۔

یو ایس اوپن ATP کیلنڈر کے لحاظ سے سال کا آخری گرینڈ سلام ایونٹ ہوتا ہے، جو جوکووچ نے جیتا اور اس سے پہلے وہ اسی سال دو اور گرینڈ سلام ٹورنامنٹ بھی جیت چکے ہیں۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں