1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: والدین نومولود بچے کو ٹیکسی میں ہی بھول گئے

21 مئی 2019

جرمن شہر ہیمبرگ میں والدین بچے کی پیدائش کے بعد اُسے ہسپتال سے واپس اپنے گھر لا رہے تھے لیکن جب وہ ٹیکسی سے اُترے تو بچے کو ساتھ لینا ہی بھول گئے۔ بعد ازاں ڈرائیور نے بھی گاڑی ایک زیر زمین پارکنگ میں جا کر کھڑی کر دی۔

https://p.dw.com/p/3Iq02
Taxifahrt zum Niedriglohn
تصویر: Lino Mirgeler/dpa/picture alliance

پولیس کے مطابق جرمن شہر ہیمبرگ میں یہ حیران کن واقعہ پیر 20 مئی کو پیش آیا، جب والدین اپنا سب سے قیمتی ’سامان‘ ٹیکسی میں ہی بھول گئے۔ بتایا گیا ہے کہ والدین چند روز پہلے پیدا ہونے والے اپنے بچے کو ہسپتال سے گھر لا رہے تھے لیکن اسے ٹیکسی سے اپنے ساتھ لینا بھول گئے۔

جس وقت والدین کو یہ احساس ہوا کہ غلطی سے ان کا بچہ ٹیکسی میں ہی رہ گیا ہے تو والد ٹیکسی کے پیچھے بھاگا اور اس نے ڈرائیور کو زور زور سے آوازیں بھی دیں لیکن اس وقت تک ٹیکسی والا کچھ جا چکا تھا۔ اس کے بعد والدین نے ٹیکسی سروس فراہم کرنے والوں کو کال کی لیکن وہ بھی مطلوبہ ٹیکسی کو تلاش کرنے میں ناکام رہے۔

دوسری جانب ٹیکسی ڈرائیور بھی اس سے آگاہ نہیں تھا کہ کار کی پیچھے والی سیٹ پر  کیا رکھا ہوا ہے اور اس نے اپنی کار ایک زیر زمین پارکنگ میں کھڑی کی اور خود وہ لنچ بریک پر چلا گیا۔ اس کے بعد ٹیکسی ڈرائیور اپنے نئے مسافر کو لینے کے لیے ایئرپورٹ پر گیا۔ جب نیا مسافر ٹیکسی میں بیٹھا تو اس نے دیکھا کہ ایک نومولود بچہ گاڑی میں رکھا ہوا ہے۔

اس کے فوراﹰ بعد مقامی پولیس کو کال کی گئی جبکہ کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمبولینس کو بھی وہاں بلوا لیا گیا۔ بچے کا چیک اپ کرنے کے بعد اسے والدین کے حوالے کر دیا گیا۔ ان والدین کی ایک بارہ ماہ کی بچی بھی ہے، جو ان کے ساتھ ہی تھی۔ والدین نے وہاں موجود تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔

ا ا / ع ا (ڈی پی اے)