1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: قدامت پسند کوخ سیاست سے کنارہ کش

26 مئی 2010

جرمن صوبے ہیسے کے وزیراعلیٰ اور چانسلر میرکل کی قدامت پسند جماعت کرسچئن ڈیموکریٹک یونین CDU کے ایک طاقتور سیاسی رہنما رولانڈ کوخ نے غیر متوقع طور پر سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/NX0p
رولانڈ کوخ: فائل فوٹوتصویر: AP

ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کے اس اچانک فیصلے سے جرمنی میں قدامت پسندوں کو عوامی سطح پر حاصل لیکن کم ہوتی ہوئی سیاسی تائید مزید کم ہو جائے گی۔

رولانڈ کوخ نے، جو ایک طویل عرصے تک کرسچئن ڈیموکریٹ سیاسی حلقوں میں ایک ابھرتے ہوئے سٹار کی حیثیت رکھتے تھے اور ریاستی سطح کی سیاست سے بالا تر ہو کر ملکی سطح کے اہم سیاسی عہدوں کے لئے امیدوار بھی تھے، منگل کے روز ہیسے کے صوبائی دارالحکومت ویزباڈن میں ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ انہوں نے سیاست سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

Roland Koch Rücktritt
رولانڈ کوخ مستعفی ہونے کے اعلان سے قبلتصویر: AP

باون سالہ رولانڈ کوخ نے کہا کہ مستقبل میں وہ ایک ووٹر کی حیثیت سے سیاسی طور پر فعال تو رہیں گے لیکن ساتھ ہی ان کی کوشش ہو گی کہ وہ ایک وکیل کے طور پر دوبارہ اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات شروع کریں یا اقتصادی حوالے سے نجی شعبے میں اپنے لئے کوئی جگہ تلاش کریں۔

ہیسے کے وزیر اعلیٰ کے طور پر اور قدامت پسندوں کی جماعت کرسچئن ڈیموکریٹک یونین کے ایک مرکزی رہنما کے طور پر بھی رولانڈ کوخ کے CDU کی سربراہ اور وفاقی چانسلر انگیلا مریکل کے ساتھ ماضی میں کئی مرتبہ اختلافات بھی سامنے آئے تھے۔

امن عامہ سے متعلق سخت گیر نظریات

اپنی سیاسی سوچ میں وہ مالیاتی حوالے سے قدامت پسند اور امن عامہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے سلسلے میں سخت گیر نظریات کے حامل تصور کئے جاتے ہیں۔ سی ڈی یو کے قدامت پسند حلقوں میں رولانڈ کوخ کو کافی زیادہ تائید و حمایت حاصل ہے اور اقتصادی اور مالیاتی امور پر ان کی رائے مستند مانی جاتی ہے۔

رولانڈ کوخ کرسچئن ڈیموکریٹک یونین میں پارٹی سربراہ میرکل کے تین نائبین میں سے ایک ہیں۔ وہ قریب گیارہ برسوں سے ہیسے میں وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز ہیں۔

ویزباڈن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رولانڈ کوخ نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ اقتصادی شعبے میں اپنے لئے ایک نئے کیریئر کا آغاز کریں۔ وہ اگلے ماہ جون میں ہیسے میں CDU کے صوبائی صدر کے طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے، جس کے بعد وہ 31 اگست کو صوبائی وزیر اعلیٰ کے عہدے اور ویزباڈن میں ریاستی پارلیمان کے منتخب رکن کے طور پر بھی اپنی ذمہ داریوں سے علیحدگی اختیار کر لیں گے۔

Roland Koch Rücktritt NO Flash
رولانڈ کوخ پریس کانفرنس کے دورانتصویر: AP

نومبر تک CDU کے نائب سربراہ

رولانڈ کوخ نے کہا کہ ملکی سطح پر CDU کے نائب سربراہ کے طور پر وہ اپنی ذمہ داریوں سے فوری طور پر مستعفی نہیں ہوں گے بلکہ معمول کے مطابق اس سال نومبر تک اپنی عہدے کی مدت پوری کریں گے، جب اس جماعت کے ایک ملک گیر کنوینشن میں نئے سرے سے مرکزی عہدیداروں کا انتخاب کیا جائے گا۔

رولانڈ کوخ نے سیاست سے کنارہ کشی کے اپنے اچانک اعلان کردہ اس فیصلے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔ ان کے اس اقدام نے صوبائی دارالحکومت ویزباڈن سے لے کر وفاقی دارالحکومت برلن تک میں ہر کسی کو حیران کر دیا۔ تاہم اس قدامت پسند جرمن سیاستدان نے اتنا ضرور کہا کہ وہ کسی بھی وقت یہ فیصلہ کرنے والے ہیں، یہ بات گزشتہ ایک سال سے ان کے اہل خانہ کے علاوہ صرف وفاقی چانسلر انگیلا مریکل کے علم میں تھی۔

Roland Koch 1999 Amtseid als hessischer Ministerpräsident
1999 میں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف برداریتصویر: AP

چانسلر میرکل اور CDU کے دیگر مرکزی رہنماؤں نے وزیر اعلیٰ کوخ کے سیاست سے مستعفی ہو جانے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو یہ خبر خلیج کی عرب ریاستوں کے چار روزہ دورے کے دوران ملی، جس پر انہوں نے کہا: ’’رولانڈ کوخ نے مجھے ہمیشہ ہی بڑے دوستانہ انداز میں اچھے مشورے دئے ہیں۔ میری خواہش ہو گی کہ مستقبل میں بھی مجھے ان کی مشاورت حاصل رہے۔‘‘

یقینی جانشین فولکر بوفیئر

ویزباڈن اور برلن سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ہیسے میں وزیر اعلیٰ کے طور پر رولانڈ کوخ کے دیرینہ ساتھی اور موجودہ صوبائی وزیر داخلہ فولکر بوفیئر ان کے جانشین ہوں گے۔

فولکر بوفیئر کو بارہ جون کو ہونے والے CDU کے ایک ریاستی کنویشن میں اس پارٹی کا صوبائی صدر منتخب کیا جائے گا، جس کے بعد رولانڈ کوخ کے سربراہ حکومت کے طور پر استعفے کے بعد انہیں پارٹی کے نئے سربراہ کی حیثیت سے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لئے باقاعدہ طور پر امیدوار نامزد کر دیا جائے گا۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عابد حسین