1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہاکی کا عالمی چیمپئن بن گیا

18 ستمبر 2006

اتوار 17 ستمبر کی شام جرمن شہرMönchengladbach کے ہاکی پارک اسٹیڈیم میں ورلڈ ہاکی کپ کا فائنل بارہ ہزار پرجوش تماشائیوں کی موجودگی میں میزبان جرمنی اور اولمپک چیمپئن آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد جرمن ٹیم نے یہ میچ 3 کے مقابلے میں 4 گول سے جیت لیا۔ اِس طرح جرمنی نے اپنے اُس عالمی اعزاز کا کامیاب دفاع کیا ہے، جو اُس نے چار سال پہلے ملائیشیا میں پہلی مرتبہ جیتا تھا۔

https://p.dw.com/p/DYNb
جرمن ٹیم کے کپتان Timo Wess ورلڈ ہاکی کپ کے ساتھ
جرمن ٹیم کے کپتان Timo Wess ورلڈ ہاکی کپ کے ساتھتصویر: AP

کھیل کے پہلے ہاف کے بعدصورتحال یہ تھی کہ آسٹریلیا ایک کے مقابلے میں دو گول سے جیت رہا تھا۔ دوسرا ہاف شروع ہونے کے فوراً بعد آسٹریلیا نے ایک اور گول کرتے ہوئے جرمنی کے مقابلے میں تین : ایک کی برتری حاصل کر لی۔ تب یہی نظر آ رہا تھا کہ میچ پر آسٹریلیا کی گرفت حتمی طور پر مضبوط ہو چکی ہے۔

تاہم اِس کے بعد جرمن ٹیم کے کھیل میں تیزی آ گئی اور آٹھ منٹ کے اندر اندر جرمن ٹیم نے تین گول کرتے ہوئے تین کے مقابلے میں چار گول کی برتری حاصل کر لی، جو آخر تک قائم رہی اور یوں جرمنی یہ عالمی چیمپئن شپ جیت گیا۔

جرمنی کی طرف سے کامیاب ترین کھلاڑی Christopher Zeller رہے، جنہوں نے دو گول کئے، پہلا ( 18 ویں منٹ میں )اور چوتھا (54 ویں منٹ میں)۔ جرمنی کی طرف سے باقی دو گول Moritz Fürste نے ( 46 ویں منٹ میں ) اور Björn Emmerling نے ( 49ویں منٹ میں) کئے۔

آسٹریلیا کی طرف سے تین گول Mark Knowles نے ( 19ویں منٹ میں)، Matthew Naylor نے ( 26ویں منٹ میں) اور Tory Elder نے ( 38ویں منٹ میں) کئے۔

اِس ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن اسپین نے حاصل کی، جس نے جنوبی کوریا کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔ یہ تیسرا اور فیصلہ کن گولڈن گول Pol Amats نے 71 ویں منٹ میں کیا۔ معمول کے وقت میں مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا تھا۔

انگلینڈ نے پاکستان کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ ساتویں پوزیشن کے لئے ہونے والے مقابلے میں ہالینڈ نے نیوزی لینڈ کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔