1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی اور اٹلی کا دوستانہ میچ برابر رہا

10 فروری 2011

جرمنی اور اٹلی کے درمیان دوستانہ فٹ بال میچ بلا نتیجہ رہا ہے۔ میزبان ٹیم اطالوی ٹیم کے خلاف گزشتہ پندرہ برس کی پہلی فتح کے موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکی اور یہ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔

https://p.dw.com/p/10Erj
تصویر: AP

جرمنی اور اٹلی کے درمیان یہ میچ جرمن شہر ڈورٹمنڈ میں کھیلا گیا، جو ایک ایک گول سے برابر رہا۔ جرمنی نے 1995ء سے اٹلی کے خلاف کوئی میچ نہیں جیتا اور اس میچ میں اس کے لیے کسی مثبت تبدیلی کا موقع پیدا ہو گیا تھا، تاہم کھیل ختم ہونے سے پہلے اٹلی کی جانب سے ایک گول نے میچ برابر کر دیا۔

اٹلی کے کوچ Cesare Prandelli نے بعدازاں کہا، ’میچ کا بلانتیجہ رہنا اچھا ہے، شکست ہمارے لیے توہین ہوتی۔ ہم نے بہت مشکل پِچ پر اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔‘

انہوں نے تسلیم کیا کہ اطالوی ٹیم جرمنی سے پیچھے ہے اور اسے بہت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ اطالوی کوچ کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے کی سمت بڑھ رہی ہے۔

جرمنی اور اٹلی کے علاوہ کچھ اور بڑی ٹیموں کے درمیان بھی بدھ کو دوستانہ فٹ بال میچ کھیلے گئے۔ فرانس نے برازیل کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ فرانس کی ٹیم پورے میچ میں حاوی رہی جبکہ اس کی جانب سے میچ کا واحد گول 54ویں منٹ میں ہوا۔

انگلینڈ اور ڈنمارک کا میچ کوپن ہیگن میں کھیلا گیا، جس میں انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے فتح حاصل ہوئی۔ انگلینڈ کے ٹیم منیجر فابیو کاپیلو نے بعد ازاں کہا، ’میں اس نتیجے اور اپنے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر خوش ہوں۔‘

ہالینڈ کا سامنا آسٹریا سے ہوا۔ اس میں ہالینڈ کی ٹیم بہت مضبوط ثابت ہوئی۔ اس نے اپنے حریف کو یہ میچ ایک کے مقابلے میں تین گول سے با آسانی ہرا دیا۔

Fussball Länderspiel Deutschland Italien Flash-Galerie
اس میچ میں جیت کی صورت اٹلی کے خلاف گزشتہ پندرہ برس میں جرمنی کی یہ پہلی فتح ہوتیتصویر: AP

میڈرڈ میں کھیلے گئے میچ میں اسپین نے کولمبیا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے مات دی۔ یہ ایک مشکل میچ تھا اور کھیل کے آخر تک دونوں ٹیمیں ناکام رہیں۔ تاہم اسپین کی جانب سے میچ ختم ہونے سے چار منٹ پہلے گول کیا گیا، حالانکہ اسپین کے کھلاڑی پورے میچ میں ہی فیلڈ پر چھائے رہے اور انہوں نے زیادہ تر وقت گیند اپنے قبضے میں رکھی۔ پھر بھی انہوں نےگول کرنے کے شاندار مواقع ضائع کیے، جس کا سہرا کولمبیا کی شاندار دفاعی پالیسی کے سر بھی ہے، جس کی بدولت وہ یہ میچ تقریبا ڈراء تک لے ہی گئی تھی۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں