تھائی لینڈ میں تناؤ برقرار، بنکاک فضائی اڈے کی تمام پروازیں منسوخ
26 نومبر 2008تھائی پولیس کے مطابق دو بم حملوں میں میں کم از کم چار افراد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے والوں کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ان کے سات ارکان زخمی ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب، بنکاک کے نئے بین الا قوامی فضائی اڈے کے ڈائریکٹر نے خبر رساں ادارے، AP، کو بتایا ہے کہ زبردست مُظاہروں اور تناؤ کے پیش نظر بنکاک ائیر پورٹ سے فی الحال تمام پروازوں کو منسوخ کردیا گیا ہے۔
تھائی دارالحکومت بنکاک میں آج دوسرے روز بھی تناؤ جاری ہے۔ اس سے قبل، کل منگل کے روز تھائی حکام کو بنکاک کا نیا بین الاقوامی فضائی اڈہ اُس وقت جزوی طور پر بند کرنا پڑا تھا، جب سینکڑوں حکومت مخالف مظاہرین نے مسافرٹرمینل کے اندر جانے کی کوشش کی۔
مختلف رپورٹوں کے مطابق ہنگاموں اور مظاہروں کے باعث تین ہزار سے زائد مسافر ائیر پورٹ کے اندر پھنس گئے۔ پیپلز ایلائنس فار ڈیموکریسی، PAD، کے ارکان نے منگل کی شب پولیس محاصرے کو توڑ کر ائیرپورٹ کی جانب پیش قدمی کی، جس کے بعد حکام کو کئی پروازیں منسوخ کرنا پڑی تھیں۔
اس کے علاوہ حکومت مخالف اور حکومت حامی مظاہرین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم دس افراد زخمی ہوگئے تھے۔ فائرنگ کا یہ واقعہ اُس سڑک پر ہوا، جو بنکاک کے پرانے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی طرف جاتا ہے۔
PAD کے سینکڑوں حامیوں نےملکی وزیراعظم کےعارضی دفاتر کو بھی گھیرے میں لے لیا تھا۔ پی اے ڈی، گُزشتہ چھہ ماہ سے، منتخب انتظامیہ کے خلاف زبردست طریقے سے سرگرم عمل ہے۔