’بیانسے امید سے نہیں‘
22 اکتوبر 2010’نہیں ،نہیں یہ درست نہیں ہے، کم ازکم ابھی تک تو‘ ٹینا نولز کا کہنا یہ تھا، جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا یہ خبریں درست ہیں کہ ان کی بیٹی حاملہ ہو چکی ہے۔ ایک امریکی میگزین نے شائع کیا ہے کہ انتیس سالہ سٹار گلوکارہ بیانسے اور ان کے شوہر جے زی اپنے پہلے بچے کے والدین بننے والے ہیں۔
اگرچہ بیانسے کی والدہ ٹینا نے یہ تمام خبریں افواہوں پر مبنی قرار دی ہیں تاہم امریکی میگزین Us Weekly کے ترجمان نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو تصدیق کی ہے کہ وہ اپنی خبر پر حد درجہ یقین رکھتے اور یہ بالکل سچ ہے کہ بیانسے امید سے ہیں۔
ٹینا نولز نے جمعرات کو The Ellen DeGeneres Show میں انہی خبروں کے تناظر میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا،’ اگر یہ تمام افواہیں درست ہوتیں تو اس وقت میں پانچ یا چھ بچوں کی نانی ہوتی۔‘
خیال رہے کہ دو سال قبل میوزک پروڈیوسر اور ریَپ سنگر جے زی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد سے بیانسے کے بارے میں ایسی خبریں گردش کرنے لگیں کہ وہ ماں بننے والی ہیں۔ بیانسے کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ کبھی بھی کسی ایسی خبر پر کوئی تبصرہ نہیں کرتے، جو بیانسے کی نجی زندگی سے متعلق ہو۔
شوبز کی دنیا سے تعلق رکھنے والے کئی مبصرین نے بیانسے کے حاملہ ہونے کی خبروں کو ان کے شہرت حاصل کرنے کے طور پر دیکھا ہے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: ندیم گِل