1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھنگ کا عجائب گھر

عابد حسین
9 دسمبر 2016

لاطینی امریکا کے ملک یوراگوئے نے نشہ آور شے بھنگ کا عجائب گھر قائم کر دیا ہے۔ اس عجائب گھر کو دیکھنے والے اِس کو کھانے کے ساتھ ساتھ چاہیں تو سگریٹ کی طرح بھی استعمال کر سکیں گے۔

https://p.dw.com/p/2U0zd
Uruguay Cannabis Museum in Montevideo
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Campodonico

لاطینی امریکی ملک یوراگوئے نے بھنگ استعمال کرنے والوں کے لیے ایک ایسا عجائب گھر قائم کیا ہے، جہاں وہ ایک دوستانہ ماحول میں کچھ وقت گزار سکیں گے۔ یہ امر اہم ہے کہ یوراگوئے کو بھنگ فرینڈلی ملک خیال کیا جاتا ہے۔ ملکی دارالحکومت مونٹی ویڈیو کے وسط میں یہ انوکھا عجائب گھر بنایا گیا ہے۔ اس کا قیام سن 2013 کے قانون کے تحت عمل میں آیا ہے۔

اس میوزیم کے ڈائریکٹر ایڈوارڈو بلاسینا کا کہنا ہے کہ منشیات کی قدیمی فصلوں میں سے ایک یعنی بھنگ کے حوالے سے بے شمارمعلومات اِس عجائب گھر میں دستیاب ہیں۔ ان کے مطابق بھنگ کے طبی فائدوں کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ میوزیم کے ڈائریکٹر نے بھنگ کو زمین پر اگائی جانے والی ایک قدیمی فصل قرار دیا ہے۔

Uruguay Cannabis Museum in Montevideo
لاطینی امریکا کے کئی ریسرچرز بھی اِس عجائب گھر کو دیکھنے جا رہے ہیںتصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Campodonico

بلاسینا کے مطابق بھنگ  تاریخی اعتبار سے کئی فوائد کی حامل ہے اور اس کو مختلف انداز میں استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ  خوراک کے علاوہ طب، ٹیکسٹائل انڈسٹری، کاغذ کی صنعت اور مچھلیاں پکڑنے والے جال میں بھی اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔

یہ ایک حقیقت ہے کہ امریکی براعظموں (جنوبی اور شمالی امریکا) میں سب سے پہلے سن 1915 میں بھنگ کو بطور دوا کے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ایک ڈاکٹر نے تجویز کیا تھا۔ دوسری جانب یورپی ملک ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم میں بھی منشیات کی اشیا کا ایک عجائب گھر قائم ہے۔ اس میں بھنگ کے پودے سے تیار کی جانے والی مختلف النوع منشیات اور حشیش کی کئی قسمیں رکھی گئی ہیں۔

Uruguay Cannabis Museum in Montevideo
میوزیم کے ڈائریکٹر ایڈوارڈو بلاسینا (دائیں جانب) اپنے عجائب گھر کا معائنہ کرتے ہوئےتصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Campodonico

یوراگوئے میں تعمیر کیے گئے عجائب گھر میں اِس پودے کی کاشت کا تاریخی احوال بھی شامل ہے۔ تاریخی دستاویزات کے مطابق بھنگ کی کاشت یوراگوئے میں سن 1782 میں پہلی مرتبہ کی گئی تھی۔ یہ کاشت یوراگوئے کے نوآبادیاتی نظام کے دور میں متعارف کرائی گئی تھی۔ کئی لاطینی مؤرخین کا خیال ہے کہ اِس خطے میں بھنگ کو یورپی نوآبادیاتی حاکموں نے اپنی حکومت میں تسلسل کے لیے متعارف کرایا تھا۔ مورخین کا مزید کہنا ہے کہ یہ حاکم چاہتے تھےکہ مقامی آبادیاں اِس نشے میں مبتلا ہو کر اُن کی اطاعت میں عمریں بسر کردیں۔

 سن 2013 کے قانون کے تحت یوراگوئے میں حکومت کے اجازت نامے کے ساتھ بھنگ استعمال کرنے والا، محدود پیمانے پر اِس کی کاشت بھی کر سکتا ہے۔ کسی میڈیکل اسٹور سے بھنگ سے تیار شدہ مواد خریدنے والے کو حکومتی اجازت کی ضرورت ہوتی ہے۔