1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں پہلے بالی وڈ ’واک آف فیم‘ کا آغاز

29 مارچ 2012

بالی وڈ پر اکثر ہالی وڈ کے فلمی پلاٹ چرانے کا الزام عائد کیا جاتا رہا ہے، تاہم اب وہ اپنے چیدہ چیدہ فن کاروں سے وابستہ تقریباﹰ ویسی ہی ایک جگہ بنا رہا ہے، جیسی امریکی شہر لاس اینجلس میں ہالی وڈ کے اہم فن کاروں سے جڑی ہے۔

https://p.dw.com/p/14UBF
تصویر: AP

بھارتی شہر ممبئی میں باندرا کے ایک ساحلی علاقے کو بھارتی سینما نے اپنے مشہور و معروف فن کاروں کے ہاتھوں کے نشانات اور کانسی کے مجسموں کے لیے چنا ہے۔ اس جگہ کا باقاعدہ افتتاح بدھ کے روز کیا گیا۔ بالی وڈ کے مطابق ممبئی میں اسی طرح کا ایک اور مرکز بھی بنایا جائے گا، جس کی ایک ایک شے فن کاروں سے وابستہ ہو گی۔

Raj Kapoor
مشہور بھارتی اداکار راج کپورتصویر: picture-alliance/Mary Evans Picture Library

ہالی وڈ کے گراؤمین چائنیز تھیٹر کی طرح ممبئی کی اس سڑک پر بھی معروف بھارتی فن کاروں کے ہاتھوں کے نشان اور دستخطوں کے علاوہ ان کے مجسمے بھی رکھے جائیں گے۔

’واک آف دی اسٹار‘ نامی اس جگہ کے افتتاح کے موقع پر بالی وڈ کی مشہور و معروف اداکارہ کرینہ کپور اہم مہمان تھیں۔ اس موقع پر ان کے دادا راج کپور مرحوم کے ایک ایسے مجسمے کی نقاب کشائی کی گئی، جس میں انہیں ساحل پر بیٹھے دکھایا گیا ہے۔ خود کو ’پراؤڈ گرینڈ ڈاٹر‘ قرار دینے والے کرینہ کپور نے کہا، ’لوگ یہاں آ سکتے ہیں۔ اپنے پسندیدہ فن کاروں کے ہمراہ بالکل زندہ سے نظر آنے والے مجسموں کے ساتھ رقص کر سکتے ہیں، انہیں چھو سکتے ہیں، محسوس کر سکتے ہیں اور جان سکتے ہیں کہ یہ اپنے عہد کے کتنے بڑے فن کار تھے۔‘

کرینہ کپور نے اپنے والد رندھیر کپور کے ہمراہ راج کپور کے مجسمے کے ساتھ کھڑے ہو کر تصاویر بھی اتروائیں۔ ’’اداکاری کپور خاندان کے لیے سب کچھ ہے۔ سینما ہماری رگوں میں دوڑتا ہے۔ فلم ہمارے خون میں شامل ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے۔‘‘

Flash-Galerie Cher 65. Geburtstag
ایسی ایک جگہ اس سے قبل امریکہ میں ہےتصویر: AP

اس ’واک وے‘ کو تعمیر کرنے والے یو ٹی وی اسٹار ٹیلی وژن چینل کے کاروباری سربراہ نکھل گاندھی نے کہا، ’فلمی صنعت کے عظیم ستاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یہ آئیڈیا ہمارے ذہن میں آیا کیونکہ اس طرح ستاروں اور ان کے پرستاروں کو قریب لایا جا سکتا ہے۔‘

انہوں نے کہا، ’فلمی صنعت میں کپور فیملی کو ایک لحاظ سے پہلی فیملی کہا جا سکتا ہے، اسی لیے ہم نے خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بھی سب سے پہلے راج کپور کو ہی چنا۔‘

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک