1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بچوں میں سیکھنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے چیونگم

3 دسمبر 2010

اسکول کے کسی استاد کوشاید کوئی بھی چیز اس سے زیادہ برہم نہ کرتی ہو جتنا کسی طالب علم کا کلاس میں چیونگم چبانا۔ مگر جرمنی کے ایک سکول میں بچوں کی تعلیمی کارکردگی بہتر کرنے کے لیے انہیں چیونگم چبانے کی ترغیب دی جاتی ہے۔

https://p.dw.com/p/QO43
تصویر: AP

فوکن شوانڈ نامی اس سکول میں بچوں کی سیکھنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے چیونگم کے استعمال کا یہ تجربہ ایک پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کیا گیا ہے۔ یہ سکول جرمن صوبے باویریا میں ہے اور اس صوبے کے وزیر تعلیم وولف گانگ ایلیگاسٹ کا کہنا ہے، " چیونگم بچوں کی صحت کے لیے بہت اچھی ہے، اس کے علاوہ یہ بچوں کی ذہنی استعداد میں بھی اضافے کے باعث بنتی ہے۔"

تاہم فوکن شوانڈ سکول کے ہیڈماسٹر ہانس ڈاش کہتے ہیں کہ اس کے لئے کوئی زبردستی نہیں کی جاتی، " کسی کو بھی زبردستی چیونگم چبانے پر مجبور نہیں کیا جاتا، مگر چیونگم دراصل بچوں میں ارتکاز کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں کسی ذہنی پریشانی یا سٹریس سے چھٹکارا دلانے میں مدد کرتی ہے، خاص طور پر تحریری امتحان کے دوران۔"

ہانس ڈاش سیکھنے کے عمل کے لیے ضروری ذہنی کیفیت کے حوالے سے کہتے ہیں، "خوشی خوشی سیکھنے کے لیے ضروری ہے کہ بچے سکول میں بے خوف آئیں اور ریلیکس رہیں۔۔۔ یہی وجہ ہے کہ ہم بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ وقفے کے علاوہ کلاس میں بھی چیونگم چبائیں۔

Süßwarenmesse in Köln
"چیونگم دراصل بچوں میں ارتکاز کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں کسی ذہنی پریشانی یا سٹریس سے چھٹکارا دلانے میں مدد کرتی ہے"تصویر: Benjamin Wüst

اس پائلٹ پراجیکٹ کے منتظمین کے مطابق چیونگم دانتوں کی صحت کے لیے بھی بہت اچھی ہے خاص طور پر کھانے کے فوری بعد، اور وہ بھی سکول میں موجود ان 70 بچوں کے لیے، جنہیں کھانے کے بعد برش کرانا ممکن نہیں ہوتا۔ ان بچوں کی عمر چھ سے 10 کے درمیان ہے۔

تاہم کلاس روم میں چیونگم چبانے کی وجہ سے پیدا ہونے والے کسی بھی مسئلے سے بچنے کے لیے ایک تو بچوں سے کہا جاتا ہے کہ وہ بات کرنے کے علاوہ اپنا منہ بند رکھیں اور دوسرے اس بات کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے کہ بچے چبائی گئی چیونگم کو اِدھر اُدھر پھینکنے یا چپکانے کی بجائے اسے مناسب طور پر ٹھکانے لگائیں۔ اس مقصد کے لیے ہر ڈیسک کے ساتھ ایک خصوصی باکس لگایا گیا ہے، جس کی تزئین وآرائش بچوں نے ایک مقامی آرٹسٹ کے ساتھ مل کرخود ہی کی ہے۔ ان کنٹینرز پر خوبصورت تتلیوں، لیڈی برڈز اور پرندوں وغیرہ کی تصویریں پینٹ کی گئی ہیں۔

اس سکول کے ہیڈ ماسٹر ہانس ڈاش کے بقول چیونگم کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوتا، " تمام بچے سکول کے قواعد کی پابندی کرتے ہیں، کوئی بھی اس چیونگم کو پُھلا کر غبارے بنانے کی کوشش نہیں کرتا اور نہ ہی چبائی گئی چیونگم کو سیٹوں یا دیگر چیزوں سے چپکاتا ہے۔" ہانس ڈاش کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ خود اور سکول کے کئی دیگر اساتذہ بھی اکثر چیونگم چباتے رہتے ہیں۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں