بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل : ہیمبرگ کی ٹیم پہلے نمبر پر آگئی
23 فروری 2009اتوارکو بنڈس لیگا مقابلوں کے بائیسویں دن ہیمبرگ نے ایک اہم میچ میں بائیر لیورکوزن کو ایک کے مقابلے میں دو گولوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ اس جیت کے بعد ہیمبرگ ٹیم کے بیالیس پوائنٹس ہو گئے ہیں۔LTU ایرینا میں کھیلے جانے والے اس میچ میں ہیمبرگ کے کھلاڑی مارسل ینسن نے دو گول کئے۔
ہیمبرگ نے پہلا گول کھیل کے اٹھارہویں منٹ میں جبکہ دوسرا گول سرسٹھویں منٹ میں کیا۔ لیورکوزن کی طرف سے واحد گول پیٹرک ہولمیز نے کیا۔ بنڈ س لیگا پوائنٹس ٹیبل پراول نمبرکی ٹیم یعنی ہیمبرگ نے اب تک اکیس میچ کھیلے ہیں جنمیں سے اس نے تیرہ میچوں میں کامیابی حاصل کی اور تین برابر کئے جبکہ پانچ میچ ہارے ہیں۔
اتوار کے دن بنڈس لیگا فٹ بال مقابلوں میں کھیلے جانے والے واحد میچ سے قبل پوائنٹس ٹیبل پر اول پوزیشن پر براجمان ہوفن ہائیم کی ٹیم چالیس پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلی گئی جبکہ برلن کی ٹیم بھی چالیس پوائنٹس کے ساتھ دوسرے ہی نمبر پر ہےتاہم ہوفن ہائیم اچھی گول اوسط کی بنیاد پر برلن پر معمولی سی برتری جمائے ہوئے ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر میونخ کی ٹیم ہے جو گزشتہ سال بنڈس لیگا فٹ بال مقابلوں کی چمپیئین بھی ہے۔ جبکہ لیورکوزن کی ٹیم ہیمبرگ کے ہاتھوں میچ ہارنے کے باوجود اپنی پانچویں پوزیشن براقرار رکھنے میں کامیاب ہے۔