برطانوی بچوں کے لئے جیب خرچ، پچھلے سات سال میں سب سے کم
21 ستمبر 2010اس کا ایک ثبوت یہ ہے کہ برطانوی بچوں کو ملنے والا ہفتہ وار جیب خرچ گزشتہ سات برسوں میں اپنی سب سے نچلی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ برطانیہ میں Lloyds بینکنگ گروپ میں شامل Halifax نامی مالیاتی ادارے کے مطابق 2009 میں برطانوی بچوں کو ہفتہ وار بنیادوں پر اوسطاﹰ 6.24 پاؤنڈ فی کس جیب خرچ کے طور پر ملتے تھے۔ اس رقم میں2010 کے دوران مزید کمی ہو چکی ہے۔ اب یہ ہفتہ وار اوسط 5.89پاؤنڈ بنتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جب سے ہیلی فیکس نے اس سلسلے میں اعداد و شمار جمع کرنے شروع کئے ہیں، تب سے اب تک یہی ہفتہ وار جیب خرچ اب گزشتہ سات برسوں کے دوران اپنی سب سے کم تر سطح پر پہنچ گیا ہے۔2003 میں برطانوی والدین اپنے بچوں کو ہر ہفتے اوسطاﹰ فی کس 5.79پاؤنڈ جیب خرچ کے طور پر دیتے تھے۔
Halifax کے ذرائع کے مطابق پچھلے ایک سال کے دوران اکثر بچوں کے والدین کی ہفتہ وار یا ماہانہ تنخواہوں میں معمولی سا اضافہ بھی ہوا ہے لیکن اس کے باوجود بچوں کو ملنے والے جیب خرچ میں قومی اوسط کی بنیاد پر کمی ہی دیکھنے میں آئی ہے۔
Lloyds بینکنگ گروپ کے مطابق، اس سال کی دوسری سہ ماہی کے اعداد و شمار کی روشنی میں، برطانیہ میں عام کارکنوں کو اوسطاﹰ ہر ہفتے 431 پاؤنڈ تنخوہ کے طور پر ملے۔ اس آمدنی میں بونس کی رقوم شامل نہیں تھیں۔ لیکن اس رقم کے ایک سال پہلے کے مقابلے میں اوسطاﹰ 1.8 فیصد زیادہ ہونے کے باوجود بچوں کی ’پاکٹ منی‘ میں کمی ہی دیکھنے میں آئی ہے۔
ایک اور قابل ذکر بات یہ بھی سامنے آئی کہ برطانیہ میں بالغ کارکنوں کے طور پر مردوں کی تنخواہیں بہت سے واقعات میں خواتین سے زیادہ ہوتی ہیں اور جیب خرچ کے معاملے میں بھی اکثر والدین اپنے بیٹوں کو اوسطاﹰ بیٹیوں کے مقابلے میں جیب خرچ کے طور پر ہر ہفتے زیادہ رقم ادا کرتے ہیں۔
ہیلی فیکس نامی بینک کی طرف سے کرائے گئے اس سروے میں 26 اگست سے لے کر دو ستمبر تک کے عرصے کے دوران آٹھ اور 15 برس کے درمیان کی عمروں کے 1204 برطانوی بچوں اور بچیوں سے ان کو ملنے والے جیب خرچ کے بارے میں تفصیلی معلومات جمع کی گئیں۔
رپورٹ: عصمت جبیں
ادارت: مقبول ملک