1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران: اسلامی انقلاب کے بعد پہلی خاتون وزیر

4 ستمبر 2009

ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کی طرف سے نئی کابینہ کے لئے نامزد چوبیس وزراء میں سے اکیس کو پارلیمان سے حتمی منظوری حاصل ہوگئی ہے۔ 1979ء کے اسلامی انقلاب کے بعد پہلی مرتبہ ملکی کابینہ میں ایک خاتون وزیر بھی شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/JOis
تصویر: AP
Iran Abstimmung Ahmadinedschad Kabinett Parlament Minister
ووٹنگ سے قبل پارلیمان میں احمدی نژاد کی آمدتصویر: AP

پارلیمان نے جس نامزد خاتون وزیر کے نام کی منظوری دی وہ پیشے سے ایک ڈاکٹر ہیں۔ پچاس سالہ مرزیح وحید وزارت صحت کا قلمدان سنبھالیں گی۔ احمدی نژاد نے کابینہ کے لئے تین خواتین کو نامزد کیا تھا۔ تاہم پارلیمان نے صرف ایک کو ہی منظوری دی۔ ایرانی صدر نے دیگر دو خواتین کو سماجی بہبود اور تعلیم کی وزارتوں کے لئے نامزد کیا تھا۔

ایرانی پارلیمان نے وزیر دفاع کے لئے احمد وحیدی کے نام کو بھی منظور کرلیا۔ بین الاقوامی سطح پر اس فیصلے کی شدید نکتنہ چینی کی جارہی ہے۔ احمد وحیدی پر شبہ ہے کہ انہوں نے 1994ء میں ارجنٹائن میں ہونے والے بم حملوں کی منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

ارجنٹائن بم دھماکوں کے وقت احمد وحیدی ایران کے ’’ریولوشنری گارڈ‘‘ کے ایک خصوصی یونٹ ’’قدس فورس‘‘ کے کمانڈر تھے۔ بم حملوں کے سلسلے میں ارجنٹائن کی حکومت کو وحیدی سمیت پانچ ایرانی مطلوب ہیں۔

ایرانی پارلیمنٹ کی جانب سے وحیدی کی بحیثیت وزیر دفاع منظوری کے فیصلے پر ارجنٹائن، امریکہ اور اسرائیل کی حکومتوں نے سخت برہمی ظاہر کی ہے۔

امریکہ نے ایرانی کابینہ میں شامل کئی ’’سخت گیر موقف کے حامل وزراء‘‘ پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان پی جے کرولی نے جمعرات کو رپورٹرز کو بتایا کہ امریکہ یہ توقع کر رہا تھا کہ ایران دنیا کے ساتھ ایک نئی اپروچ سے مذاکرات کرنا چاہے گا۔’’ہمارے نزدیک آج کا ایکشن بہت اضطراب میں ڈالنے والا ہے، اور، اس سے ایران غلط پیغام بھیج رہا ہے۔‘‘

اسرائیلی دفتر خارجہ کے ترجمان ییگال پالمور نے بھی احمد وحیدی کی بطور ایرانی وزیر دفاع منظوری پر سخت تنقید کی ہے۔ ’’ایرانی پارلیمان کا یہ فیصلہ اس بات کا ایک اور ثبوت ہے کہ تہران حکومت بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام نہیں کرنا چاہتی ہے۔‘‘

Ahmad Vahidi Iran
وزیر دفاع کے لئے احمد وحیدی کے نام کی منظوریتصویر: Fars

انٹرپول نے 2007ء میں احمد وحیدی کی گرفتاری کے لئے ’’ریڈ نوٹس‘‘ جاری کیا تھا اور انہیں دنیا کے مطلوب ترین افراد کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

ایرانی صدر احمدی نژاد نے پارلیمنٹ میں کابینہ کے لئے ووٹنگ سے قبل اپنی تقریر میں کہا کہ ارکان پارلیمان کو ’’ایک مضبوط کابینہ کا انتخاب کرکے مغربی طاقتوں کو زبردست جواب دینا چاہئے۔‘‘ احمدی نژاد نے مزید کہا: ’’اب کوئی بھی طاقت ایران پر مزید پابندیاں عائد نہیں کرسکتی۔‘‘

دریں اثناء ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان حسن قشقاوی نے کہا کہ ملک کے ایٹمی پروگرام پر مذاکرات کے حوالے سے ’’ایران مغربی طاقتوں کی ڈیڈ لائنز سے دباوٴ میں نہیں آئے گا اور نہ ہی ان کے سامنے جھکے گا۔‘‘

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: ندیم گِل