اُسامہ بن لادن تنہا ہوگئے ہیں: سی آئی اے
14 نومبر 2008مائکل ہیڈن نے جمعرات کے روز اپنے ایک خطاب میں کہا کہ اُسامہ بن لادن اپنی تنظیم القاعدہ کے روزمرہ کے آپریشنز اورکارروائیوں سے بہت علیحدہ ہوچکے ہیں، اور اپنی حفاظت کرنے پر مجبور ہیں۔
امریکی خفیہ ادارے کے سربراہ نے کہا کہ اُسامہ بن لادن کی گرفتاری اب بھی، سی آئی اے کی اہم ترجیحات میں سے ایک ہے۔ سینٹرل انٹیلی جینس ایجنسی کے ڈائریکٹر مائکل ہیڈن کے مطابق اس وقت اُسامہ بن لادن پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے نزدیک کسی علاقے میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔ ہیڈن کے بقول بن لادن کی گرفتاری یا ہلاکت القاعدہ کے لئے بہت بڑا دھچکہ ثابت ہوگی۔
امریکی سراغ رساں ادارے، CIA، کے سربراہ مائکل ہیڈن نے ایٹلانٹک کونسل تھنک ٹینک سے خطاب کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ القاعدہ تنظیم کو عسکری اور مالی اعتبار سے زبردست نقصان پہنچا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ یہ تنظیم ابھی بھی’’خطرناک دشمن‘‘ ہے۔
ہیڈن نے پاکستان کے قبائلی علاقوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں القاعدہ اور طالبان کے عسکریت پسند پناہ لئے ہوئے ہیں۔ امریکی خفیہ ادارے کے سربراہ نے عسکریت پسندوں کے خلاف افواج پاکستان کی جانب سے حملوں کے لئے پاکستان کی نئی حکومت کی پذیرائی کی۔