1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اقوامِ متحدہ کا نیا سیکریٹری جنرل کون بنے گا؟

25 جولائی 2006

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کوفی عنان کے جانشین کے طور پر جنوبی کوریا کے وزیرِ خارجہ بان کی مُون (Ban Ki Mun) کے انتخاب کے امکانات روشن بتائے جا رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/DYKh
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کوفی عنان کے عہدے کی مدت اِس سال دسمبر میں ختم ہو رہی ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کوفی عنان کے عہدے کی مدت اِس سال دسمبر میں ختم ہو رہی ہے۔تصویر: AP

عالمی سلامتی کونسل میں ہونے والی آزمائشی رائے شماری میں زیادہ تر یعنی پندرہ میں سے بارہ ووٹ سیول کے اِس اُمیدوار بان کی مُون کے حصے میں آئے۔ تاہم اس کا لازمی مطلب یہ نہیں ہے کہ یہ جنوبی کوریائی شخصیت ہی یکم جنوری سن 2007ء سے اقوامِ متحدہ کے اِس اعلیٰ ترین عہدے پر براجمان ہو گی۔

مغربی افریقہ سے تعلق رکھنے والے کوفی عنان کے عہدے کی مدت اِس سال دسمبر میں ختم ہو رہی ہے۔ ایک غیر تحریر شُدہ اصول کے تحت آئندہ سیکریٹری جنرل بننے کی باری اب ایشیا کی کسی شخصیت کی ہے۔

بھارت کے ادیب اور اقوامِ متحدہ کے پبلک افیئرز کے انڈرسیکریٹری جنرل ششی تھرُور، سری لنکا کے تخفیفِ اسلحہ کے امور کے ماہر جیانتھا دھانا پالا اور تھائی لینڈ کے قائم مقام وزیرِ اعظم سراکیارت ساتھی راتھائی بھی اِس عہدے کے لئے اُمیدوار ہیں۔

جرمنی نے ابھی کسی بھی اُمیدوار کی تائید نہیں کی جبکہ امریکہ فیورٹ اُمیدواروں سے الگ ایک اور ہی اُمیدوار یعنی اقوامِ متحدہ میں اُردن کے سفیر پرنس زَید الحسین کے بارے میں غور کر رہا ہے۔