1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اشیائے خوراک یمن لے جانے والا بھارتی بحری جہاز ڈوب گیا

مقبول ملک28 اگست 2016

اشیائے خوراک اور موٹرگاڑیوں سے لدا یمن جانے والا ایک بھارتی مال بردار بحری جہاز عمان کے ساحلوں کے قریب سمندر میں ڈوب گیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ بھارتی کارگو شپ ہفتہ ستائیس اگست کے روز بحیرہ عرب میں غرق ہو گیا۔

https://p.dw.com/p/1JrBe
Dubai Asiatische Arbeiter beladen Schiffe im Hafen
یمن جانے والے اس بھارتی مال بردار بحری جہاز پر سامان شارجہ کی بندرگاہ سے لادا گیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa/A. Haider

مسقط سے اتوار اٹھائیس اگست کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ عمان کی سرکاری نیوز ایجنسی او این اے نے ملکی پولیس اور ساحلی علاقوں میں ماہی گیری کرنے والے مقامی باشندوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس مال بردار بحری جہاز پر عملے کے گیارہ افراد سوار تھے، جو سب کے سب بروقت بچا لیے گئے۔

اس بحری جہاز پر اشیائے خوراک، 69 گاڑیاں، گاڑیوں کے ہزاروں ٹائر اور بہت سا انجن آئل لدا ہوا تھا۔ عمانی نیوز ایجنسی نے بتایا کہ اس شپ پر یہ سامان متحدہ عرب امارات میں شارجہ کی بندرگاہ سے لادا گیا تھا۔

ONA کے مطابق یہ بھارتی بحری جہاز شمال مشرقی عمان کے ساحلی شہر السویق سے قریب 15 سمندری میل کے فاصلے پر بحیرہ عرب کے پانیوں میں ایک بظاہر ’تکنیکی خرابی‘ کی وجہ سے ڈوب گیا۔

متحدہ عرب امارات کے انگریزی روزنامے ’گلف نیوز‘ نے آج اپنی اتوار کی اشاعت میں لکھا کہ یہ بھارتی کارگو شپ اس لیے ڈوبا کہ اس پر مقررہ حد سے بہت زیادہ سامان لدا ہوا تھا۔

عمانی روزنامے ٹائمز آف عمان کے مطابق یہ بحری جہاز اپنے سامان کے ساتھ شارجہ سے جنوب مشرقی یمن کے بندرگاہی شہر المکلہ کی طرف سفر پر تھا۔ اس کارگو شپ کی غرقابی کے بارے میں اس کی مالک کمپنی یا بھارتی حکام کی طرف سے آخری رپورٹیں آنے تک کچھ نہیں کہا گیا تھا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید