احتجاج کے سائے میں فلم ماٹلڈا کی عام نمائش
روس میں مشہور ہدایتکار الیکسی اُوچل کی فلم ’ماٹلڈا‘ کو عام نمائش کے لیے تیار ہے۔ اس فلم کے بارے میں روسی آرتھوڈس چرچ، اشرافیہ اور عام لوگوں کا کہنا ہے کہ اس میں روسی بادشاہ کے کردار کو صحیح انداز میں پیش نہیں کیا گیا۔
میشالینا اولزانسکا مرکزی کردار میں
پولینڈ سے تعلق رکھنے والی خوبصورت اداکارہ میشالینا اولزانسکا کو ’ماٹِلڈا‘ کے کردار کے لیے منتخب کیا گیا۔ پچیس سالہ پولستانی اداکارہ کو منسک اور پراگ کے فلمی میلوں میں بہترین اداکارہ کے ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے۔
جرمن اداکار لارس آئڈنگر بطور نکولس دوم
جرمن فلمی صنعت کے مشہور اداکار لارس آئڈنگر نے فلم ’ماٹِلڈا‘ میں نکولس دوم کا کردار ادا کیا ہے۔ آئڈنگر نے فلم کے خلاف مظاہروں کے تناظر میں پریمیئر کے موقع پر روس جانے سے گریز کیا۔
ہدایتکار الیکسی اُوچل
فلم ’ماٹِلڈا‘ مشہور روسی ہدایتکار الیکسی اُوچل کی تخلیق ہے۔ اُوچل کی ایک فلم کو سن 2005 میں ماسکو انٹرنیشنل فلم فیسٹول کا سب سے بہترین ایوارڈ ’گولڈن سینٹ جورج‘ سے نوازا گیا تھا۔ وہ اس فیسٹول کی جیوری کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔
ماٹلڈا کے پوسٹر بھی چسپاں نہیں کیے گئے
روس میں فلم ماٹلڈا کو رواں ہفتے کے دوران عام نمائش کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔ مشتعل عوامی جذبات کے تحت فلم کے پوسٹر چسپاں نہیں کیے گئے اور نہ ہی فلم سے متعلق معلوماتی بروشرز کو عام لوگوں میں بانٹا گیا۔
ہالی وڈ انداز میں فلم کی تخلیق
ہدایتکار الیکسی اُوچل نے اپنی تاریخی مگر متنازعہ فلم کی تخلیق کو ہالی وڈ کا انداز دیا ہے۔ اس فلم میں پرشکوہ سیٹ، خوبصورت لوکیشنز اور قیمتی پہناوے کو انتہائی اہمیت دی گئی ہے۔ اس فلم کو روس کے راک اسٹوڈیو میں عکس بند کیا گیا۔
فلم کی نمائش روکی جائے
فلم کی مخالفت میں روسی اشرافیہ کی کئی شخصیات بھی شامل ہیں۔ ان میں ایک خاتون نتالیا پوکلوسکایا ہیں، جن کا تعلق کریمیا سے ہے اور وہ اب طاقتور روسی ایوانِ زیریں دُوما کی رکن ہے۔ ان کا بھی کہنا ہے کہ جس انداز سے فلم میں روسی بادشاہ کا کردار پیش کیا گیا ہے، وہ انتہائی نامناسب ہے۔
فلم کی مخالفت میں روسی آرتھوڈکس چرچ بھی
اس فلم پر روس کے آرتھوڈکس چرچ نے بھی بہت اعتراضات کیے ہیں۔ یہ بھی کہا گیا کہ ماٹِلڈا روسی آرتھوڈکس چرچ کی آنکھ میں کانٹے کی طرح چُبھی ہوئی ہے۔ چرچ کا خیال ہے کہ فلم میں نفرت اور تشدد کو ہوا دی گئی ہے۔
نکولس دوم کے ساتھ محبت
فلم ماٹلڈا پر اعتراض کرنے والے اپنے احتجاجی ریلیوں میں روس کے آخری باشاہ نکولس دوم کی بڑی بڑی تصاویر لیے پھرتے تھے۔ وہ ان تصاویر کے ساتھ کھلے عام عقیدت کا اظہار بھی کرتے تھے۔
عام لوگ بھی فلم کے مخالف
’ماٹِلڈا‘ کی نمائش کے خلاف اشرافیہ کے ساتھ ساتھ عام لوگ بھی شریک ہیں۔ یہ لوگ روسی بادشاہ نکولس دوم کے ساتھ اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی تصاویر ہاتھوں میں لیے مظاہروں میں شرکت کرتے ہیں۔
ماٹلڈا کا پریمیئر
فلم ماٹِلڈا کے پریمیئر سے معلوم ہوتا ہے کہ اسے نمائش کے بعد مقبولیت حاصل ہو سکتی ہے۔ ماسکو کے ایک سینما گھر میں ماٹلڈا کے پریمیئر کی ٹکٹیں فروخت کی جا رہی ہیں۔
سینٹ پیٹرزبرگ میں ’ماٹِلڈا‘ کا خصوصی پریمیئر
روس کے دوسرے بڑے شہر سینٹ پیٹربرگ کے مارلینسکی تھیئٹر کو الیکسی اُوچل کی فلم کے پریمیئر کے لیے منتخب کیا گیا۔ شائقین و ناقدین کی ایک بڑی تعداد نے یہ فلم دیکھی اور سراہا۔