1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے دی

29 اگست 2012

تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو چار وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ آسٹریلیا نے 199 رنز کا ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں ہی عبور کر لیا۔

https://p.dw.com/p/15z05
تصویر: Reuters

آسٹریلوی بلے باز جارج بیلی کی شاندار کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے اس پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی۔ بیلی نے انتہائی محتاط انداز اختیار کرتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سےستاون رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

اس سے قبل کپتان مائیکل کلارک نے پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنی ٹیم کے دیگر بلے بازوں کو ایک اہم بنیاد فراہم کی۔ انہوں نے 96 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 66 رنز کی انفرادی اننگز کھیلی۔ وہ محمد حفیظ کی ایک گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا ۔ مصباح الحق کا یہ فیصلہ کچھ زیادہ اچھا ثابت نہ ہوا اور پاکستان کی پوری ٹیم چھیالیسویں اوور کی پہلی گیند پر ہی 198 کے مجموعی اسکورز پر ڈھیر ہو گئی۔ اوپنر محمد حفیظ چار رنز بنا کر جبکہ ون ڈاؤن کھلاڑی اظہر علی پانچ اور ناصر جمشید 23 رنز بنا کر جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔

Pakistan Cricket Kamran Akmal
کامران اکمل کی واپسی مایوس کن رہیتصویر: AP

پاکستان کا اسکور چالیس تھا کہ کپتان مصباح الحق کریز پر آئے اور انہوں نے اسد شفیق کے ساتھ مل کر آسٹریلوی بولرز کے زور کو توڑنے کی کوشش کی۔ تاہم مصباح الحق بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے اور چھبیس رنز بنا کر ڈینئل کرسچن کی ایک گیند پر بولڈ ہوگئے۔

مصباح الحق کے بعد عمر اکمل گراؤنڈ میں داخل ہوئے تو انہوں نے اپنے روایتی انداز میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں بیٹھے ہوئے پاکستانی مداحوں کو خوش کر دیا۔ اسد شفیق اور عمر اکمل نے پاکستان کا مجموعی اسکور تیزی سے آگے بڑھایا۔ دونوں نے بالترتیب چھپن اور باون رنز کی دلفریب اننگز کھیلی۔ اس وقت معلوم ہوتا تھا کہ شاید پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کو ایک اچھا ہدف دے سکے گی لیکن ’بیٹنگ پاور پلے‘ کے دوران دونوں ہی آؤٹ گئے۔ یوں پاکستانی مداحوں کی تمام امیدیں دم توڑ گئیں اور شاہد آفریدی اور کامران اکمل سمیت دیگر بلے باز مقررہ پچاس اوورز بھی نہ کھیل سکے۔

کامران اکمل نے چار رنز بنا کر میچل اسٹارک کی ایک گیند پر کلارک کو ایک آسان کیچ دیا جبکہ بوم بوم آفریدی پہلی ہی گیند پر سلپ میں کھڑے آسٹریلوی کپتان کو کیچ دے بیٹھے۔ آسٹریلیا کی طرف سے میچل اسٹارک نے پانچ وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

آسٹریلیا نے جب ایک آسان ہدف کا تعاقب شروع کیا تو پاکستانی بولرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور وقفے وقفے سے آسٹریلوی کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے رہے۔ تاہم مائیکل کلارک اور جارج بیلی نے پاکستانی بولرز کا سامنا اچھے طریقے سے کیا۔ پاکستان کی طرف سے سعید اجمل نے تین، محمد حفیظ نے دو جبکہ شاہد آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دونوں ٹیمیں دوسرے بین الاقوامی ایک روزہ میچ میں اکتیس اگست کو ابو ظہبی میں آمنے سامنے آئیں گی۔اس وقت تین ایک روز میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر سے برتری حاصل ہو چکی ہے۔

ab/ng (AFP)