آسٹریا: جنسی حملوں کا خدشہ، خواتین کو الارم دیے جائیں گے
22 دسمبر 2016جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق آسٹریا کی پولیس یہ اقدام گزشتہ برس جرمنی کے شہر کولون میں ہونے والے کئی سو جنسی حملوں جیسے کسی واقعے سے بچنے کی خاطر اٹھا رہی ہے۔ گزشتہ برس کولون میں نئے سال کی شب کے موقع پر کئی سو خواتین کو جنسی حملوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
یہ ایسے آلات ہیں، جن سے ایک تیز چبھتی ہوئی آواز نکلتی ہے۔ یہ آلات خواتین کو آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں دیے جائیں گے، جہاں توقع ہے کہ کئی ہزار افراد سال کی آخری شب کو سٹرکوں اور بازاروں میں نئے سال کا جشن منائیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس ویانا میں پولیس کو اس طرح کے کسی حملے کے بارے میں کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی تھی۔
جرمنی کے شہر کولون میں پولیس کو بارہ سو شکایات موصول ہوئی تھیں۔ پولیس کے مطابق پانچ سو کے قریب شمالی افریقی اور عرب نژاد نوجوانوں نے خواتین کو جنسی حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔