1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کئی یورپی ملکوں میں دفاعی بجٹ میں کمی

29 جولائی 2010

یورپ کے کئی ممالک اس وقت دفاعی امور پر اٹھنے والے اخراجات میں کمی کرنے کا اعلان کر چکے ہیں اور اس حوالے سے کئی منصوبے زیر غور ہیں۔ جرمن حکومت نے بھی دفاعی شعبے میں بچت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/OX1h
تصویر: AP

جرمنی کی جانب سے فوجی شعبے میں بچت کے حوالے سے کئے جانے والے تازہ اقدامات دوسری عالمی جنگ کے بعد فوجی بجٹ میں کی جانے والی سب سے بڑی کمی ہو گی۔ جرمن وزارت دفاع فوجی اخراجات میں 9.3 ارب یوروکی بچت کرنا چاہتی ہے۔ اس حوالے سے ایک ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے، جس میں یہ تجویز پیش کی گئی ہے کہ فوج کے لئے لڑاکا ’ٹائیگر‘ اور سامان بردار ہیلی کاپٹرNH-90 کی خریداری فی الحال ملتوی یا ان کی تعداد میں کمی کر دینی چاہیے۔ اس رپورٹ کے مطابق جرمنی کو 120کے بجائے NH-90 طرز کے80 ہیلی کاپٹرز اور اسی طرح 40 کے بجائے صرف بیس ٹائیگر ہیلی کاپٹرز خریدنے چاہییں۔ یہ ہیلی کاپٹرز یورپی کمپنی EADS تیار کررہی ہے اور جرمنی پہلے ہی ان کی ترسیل میں تاخیر اور مسائل کی شکایت بھی کر چکا ہے۔

Trauerfeier Afghanistan nach Mord an deutschem ISAF Soldaten
جرمن آرمی راہب سٹیفان شمک افغان صوبے قندوز میں تعینات جرمن فوجیوں کے ساتھتصویر: AP

یورو فائٹرجنگی طیاروں کے علاوہ جرمنی، فرانس اور سپین کے مشترکہ طور پر تیارکردہ ڈرون جہازوں کی خریداری کو بھی معطل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ برلن حکومت کو پیش کی جانے والی تجویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ A400-M طرز کے فوجی مسافر بردار طیاروں کی تعداد بھی کم کر دی جائے اور پندرہ ٹرانسل ٹرانسپورٹ جہازوں کو فوری طور پرگراؤنڈ کر دیا جائے۔ 23 صفحات پر مشتمل اس رپورٹ یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ جرمن ایئر فورس کو ٹورناڈو نامی لڑاکا طیاروں کے آرڈر میں فوری طور پر کمی کرتے ہوئے انہیں 185سے 85 کر دینا چاہیے۔

Französische Soldaten in Kongo
فرانسیسی فوجی افریقی ملک کانگو میںتصویر: AP

جرمنی کی طرح برطانیہ میں بھی فوج پر اٹھنے والے اخراجات میں کمی کی باتیں کی جارہی ہیں۔ برطانوی وزارت دفاع کے مطابق فوجی بجٹ میں تقریباً 37 ارب پاؤنڈ کے خسارے کو کم کرنے کے حوالے سے صلاح و مشورے جاری ہیں۔ برطانوی وزارت دفاع نے پہلے ہی A400-M طرز کے فوجی مسافر بردار طیاروں کی تعداد کو پچیس سے بائیس کر دیا ہے۔

فرانس نے بھی سن2011 ء سے 2013 ء کے درمیان اپنے فوجی بجٹ میں ساڑھے تین ارب یورو کی بچت کا اعلان کیا ہے۔ تاہم ان بچتی اقدامات کا اثر لڑاکا طیاروں، فوجی گاڑیوں، جدید سسٹم اور آبدوزوں کی خریداری پر نہیں پڑے گا۔

یونان میں جاری مالیاتی بحران کی وجہ سے ایتھنز حکومت پر فوجی بجٹ میں کمی کرنے کے حوالے سے شدید دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ یونانی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اس سال دفاعی بجٹ میں کمی کی جائے گی۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: گوہر نذیر گیلانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں