1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین کے دفاعی بجٹ میں پھر اضافہ

4 مارچ 2008

چین نے رواں سال کے اپنے دفاعی بجٹ میں 17.6 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے۔چینی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ اعتدال پر مبنی ہے لیکن امریکہ نے دفاعی بجٹ میں اضافے کے اس اعلان پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/DYEE
تصویر: AP

سال دو ہزار آٹھ میں چین کے دفاعی اخراجات 417.8 بلین yuan‘ یعنی‘ 57.2 بلین امریکی ڈالرز ہوں گے۔چینی پارلیمان کے ایک ترجمان نے دفاعی بجٹ کی یہ تفصیلات چینی قانون سازوں کے پارلیمانی اجلاس کے ایک روز قبل بتائیں۔

تفصیلات کے مطابق‘ دفاعی بجٹ میں یہ اضافہ اس وجہ سے کیا گیا ہے تاکہ چینی فوجی اہلکاروں کی تنخواہیں بڑھادی جائیں۔اس کے ساتھ ساتھ جدید جنگی ہتھیاروں کی تربیت پر بھی کافی رقم خرچ کئے جانے کی توقع ہے۔

چین نے کہا ہے کہ اس نے جو اپنے دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا ہے وہ امریکہ اور برطانیہ کے دفاعی بجٹ کے مقابلے میں بہت کم ہے۔

پینٹاگن نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں چین کی مسلسل بڑھتی ہوئی فوجی طاقت پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔پینٹاگن کی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین کی فوجی طاقت سے خطے میں عدم استحکام کے امکان کے علاوہ بین الاقوامی استحکام کو بھی خطرہ لاحق ہے۔

امریکہ کو چین کے کروز اور بیلسٹک میزائلوں پر بھی تشویش ہے۔تاہم چینی وزارت خارجہ نے پینٹاگن کی اس رپورٹ کو حقیقت سے بعید قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ مزکورہ رپورٹ میں حقائق اور اعداد و شمار کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔

دریں اثناءریفرنڈم کے ممکنہ اعلان کے تعلق سے چین نے تائیوان کو ایک مرتبہ پھر انتباہ کیا کہ اگر اس نے اپنے منصوبوں پر عمل در آمد کیا تو اسے سنگین نتائج کے لئے تیار رہنا ہوگا۔