1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی بجٹ، دفاع اور معیشت پر خصوصی توجہ

2 فروری 2010

امریکی صدر باراک اوباما نے کانگریس کے سامنے تین اعشاریہ آٹھ ٹریلین یعنی اڑتیس کھرب ڈالر کا سالانہ بجٹ تجویز کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Lp4Q
تصویر: AP

مالی سال دو ہزار گیارہ کے اس مجوزہ بجٹ میں امریکی عوام کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور بڑھتے ہوئے بجٹ خسارے پر قابو پانے کی کوشش کی گئی ہے۔

امریکی ‌صدر باراک اوباما نے امریکی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ تجویز کردیا ہے۔ اوباما نے مالی سال دو ہزاردس، دو ہزار گیارہ کے لئے، جو یکم اکتوبر سے شروع ہوگا، تین اعشاریہ آٹھ ٹریلین ڈالر کے اخراجات تجویز کئے ہیں۔

USA George Bush stellt Haushalt 2008 vor
اوباما، سابق صدر جارج بش کی انتظامیہ کو موجودہ معاشی بدحالی کا ذمہ دار سمجھتے ہیںتصویر: AP

بجٹ خسارے پر قابو ضروری

اوباما نے سابق حکومتوں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو جنگیں شروع کی گئیں تاہم کسی کے لئے بھی رقم فراہم نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو درپیش شدید بجٹ خسارے کی وجہ بھی گزشتہ ٫٫پرتعیش دہائی٫٫ ہے جس دوران امیر طبقے کو ٹیکس پر چھوٹ دی گئی۔ امریکی صدر کو نئی پالیسیوں سے موجودہ مجموعی بجٹ خسارہ ڈیڑھ ٹریلین ڈالر سے کم ہوکے ایک اعشاریہ دو ٹریلین ڈالر تک آجانے کی امید ہے۔

باراک اوباما نے واشنگٹن حکومت کے تحت جاری ایک سو بیس منصوبوں کے بجٹ میں کٹوتیاں کی ہیں جن میں سے چاند پر جانے کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ اوباما کے بقول گزشتہ برس مختلف نوعیت کی کٹوتیوں سے سترہ ارب ڈالر کی بچت ہوئی تھی جبکہ رواں سال اب تک بیس ارب ڈالر کی بچت ہوئی ہے۔ البتہ انہوں نے تسلیم کیا کہ بعض منصوبوں کے بجٹ میں نہ چاہتے ہوئے بھی کٹوتی کرنی پڑی ہے۔

Obama USA Arbeitslosigkeit CarreerLink Arbeitslosen-Zentrum
اوباما، روزگار کے متلاشی نوجوانوں کے ہمراہتصویر: AP

نئی ملازمتوں کے مواقع

واشنگٹن حکومت کے اندازوں کے مطابق محض گزشتہ دو سالوں میں ستر لاکھ امریکی بے روزگار ہوئے جبکہ مجموعی طور پر بیروزگاری کی شرح دس فیصد سے تجاوز کرچکی ہے۔ امریکی صدر نے نئے بجٹ میں ایک سو بلین ڈالرز ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لئے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے نچلے اور درمیانی درجے کے کاروبار پر ٹیکس میں چھوٹ دینے جبکہ نئی بھرتیاں کرنے والوں اداروں کے لئے آسان شرائط پر قرض کے حصول کو ممکن بنانے کا عزم دہرایا۔

امریکی صدر نے بہترین تعلیم کو غربت کے خاتمے کی اہم کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے شعبے کے لئے چھ فیصد سے زائد اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ سال دوہزار بیس تک دنیا بھر میں سالانہ بنیادوں پر سب سے زیادہ گریجویٹس پیدا کرنے کی پوزیشن پر آجائے گا۔

Dreiergipfel Washington
امریکی صدر نے مجوزہ بجٹ میں افغانستان اور پاکستان کے لئے امداد میں اضافہ تجویز کیا ہےتصویر: AP

اگلے محاذ کے ممالک کی امداد

امریکی صدر نے کانگریس سے پاکستان، افغانستان اور عراق کے لئے بھی اضافی بجٹ منظور کرنے کی درخواست کی ہے۔ اس ضمن میں مجموعی طور پر دس اعشاریہ سات ارب ڈالر مختص کئے گئے ہیں۔ واشنگٹن حکام کے مطابق افغانستان کے لئے گزشتہ برس کے مقابلے میں مختص بجٹ میں سات اعشاریہ پانچ فیصد اضافہ کرکے پانچ ارب ڈالر کردیا گیا ہے، پاکستان کے لئے تین اعشاریہ دو ارب ڈالر جبکہ عراق کے لئے ڈھائی ارب ڈالر مختص کرنے کی تجویز ہے۔ پاکستان کو دی جانے والی امداد میں کانگریس سے منظور شدہ اگلے پانچ سال تک سالانہ بنیادوں پر ملنے والی ڈیڑھ ارب ڈالر کی رقم شامل ہے۔

پاکستان کو امداد فراہم کرنے والوں میں امریکہ سرفہرست ہے۔ باراک اوباما نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں، عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کے لئے اسلام آباد حکومت کے لئے ایک اعشاریہ دو بلین ڈالر رقم تجویز کی ہے۔ گزشتہ سال یہ رقم سات سو ملین ڈالر تھی۔ اوباما نے پاکستان کی معیشت کی بحالی کے پروگرام Economic Support Fund کے لئے بھی ایک اعشاریہ تین ارب ڈالر تجویز کئے ہیں۔ امریکی جنگی آلات خریدنے کے لئے بھی پاکستان کو دو سو چھیانوے ملین ڈالر کی امداد مجوزہ بجٹ میں شامل ہے۔

US Soldaten in Afghanistan
افغانستان کے لئے تیس ہزار اضافی فوج کے اخراجات کا تخمینہ تینتیس ارب ڈالر لگایا گیا ہےتصویر: AP

عسکری اخراجات میں اضافہ

امریکی صدر نے نئے بجٹ میں قومی سلامتی کے نام پر دفاعی اخراجات میں دو فیصد ا‌ضافہ تجویز کیا ہے۔ مجوزہ تینتالیس اعشاریہ چھ ارب ڈالر کے بجٹ میں ہوئی اڈوں پر جدید سکریننگ مشینوں کی تنصیب کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ افغانستان اور پاکستان سے متعلقہ فوجی آپریشن کے لئے تقریباً ایک سو ساٹھ ارب ڈالر تجویز کئے گئے ہیں جو گزشتہ سال ایک سو تیس ارب ڈالر تھے۔ افغانستان کے لئے تیس ہزار اضافی فوج کے اخراجات کا تخمینہ تینتیس ارب ڈالر لگایا گیا ہے جس کا مطالبہ ضمنی بجٹ میں کیا جائےگا۔ نئے بجٹ میں عسکری مشن سے وابستہ فوجیوں کی جسمانی اور ذہنی علاج معالجے کے لئے چالیس ارب ڈالر تجویز کئے گئے ہیں۔ ڈھائی سو ملین ڈالر فوجیوں میں خودکشی کے رجحانات پر قابو پانے سے متعلق تحقیق کے لئے مختص ہیں۔

رپورٹ شادی خان سیف

ادارت افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں