1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیپالی نوجوان آج 18 ویں سالگرہ پردنیا کا سب سے کوتاہ قامت انسان تسلیم

14 اکتوبر 2010

نیپال کے ایک دیہی علاقے کا رہنے والا نوجوان کھاگیندرا تھاپا ماگر آج 14 اکتوبر کو اپنی 18 ویں سالگرہ کے روز باقاعدہ طور پر دنیا کا سب سے کوتاہ قامت انسان تسلیم کر لیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/PdyI
تصویر: Picture alliance/dpa

نیپالی دارالحکومت کٹھمنڈو سے قریب 200 کلومیٹر مغرب کی طرف باگلونگ کے ضلع میں پوکھارہ کی وادی میں رہنے والے کھاگیندرا کو رواں ماہ کے دوران ہی دنیا کے سب سے کوتاہ قامت انسان کے طور پر گینس بک آف ورلڈ ریکارڈز میں اندراج کے لئے منتخب کیا گیا تھا مگر تب چونکہ اس کی عمر ابھی 18برس نہین ہوئی تھی، لہٰذا اسے عملی طور پر دنیا کا سب سے چھوٹے قد والا انسان قرار نہیں دیا جا سکا تھا۔ اس لئے بھی کہ تب وہ ایک نوجوان تھا، جو آج جمعرات کو قانونی طور پر بالغ تسلیم کر لیا گیا ہے۔

کھاگیندرا کی 18 ویں سالگرہ کے دن گینس بک آف ریکارڈز نے اس نیپالی شہری کا جو قد باقاعدہ طور پر رپورٹ کیا، وہ 67.08 سینٹی میٹر بنتا ہے۔

کھاگیندرا تھاپا ماگر کو اس کی سالگرہ پر وادی پوکھارہ میں یہ اعزاز ایک باقدعدہ تقریب کے دوران دیا گیا۔ اس موقع پر گلوبل ریکارڈز کے سربراہ مارکو فریگیٹی نے کہا: ’’ہم کھاگیندرا تھاپا ماگر اور اس کے اہل خانہ کو یہ اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہیں۔ یہ نیپال کے لئے ایک بہت بڑا دن ہے۔‘‘

Bonnenkuchen Buttercremetorte mit Marzipan
کھاگیندرا اپنی سالگرہ کا کیک رشتے داروں اور صحافیوں کے ساتھ مل کر کاٹیں گےتصویر: DW

کھاگیندرا سے پہلے دنیا کا سب سے چھوٹے قد کا یا سب سے کوتاہ قامت انسان ہونے کا اعزاز کولمبیا کا ایڈورڈ نینو ہیرنانڈیس کے پاس تھا، جن کا قد محض 70 سینٹی میٹر ہے۔

اپنے چہرے پر زیادہ تر ایک ہلکی سی مسکراہٹ لئے اور بہت دھیمی آواز میں بات کرنے والا کھاگیندرا ایک ایسا ہندو نوجوان ہے جس کا کُل چار افراد پر مشتمل خاندان ایک کمرے کے کرائے کے گھر میں رہتا ہے۔ اس کے والد پھل بیچتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے: ’’جب کھاگیندرا چھوٹا تھا تو ہیمیں اکژ یہ خیال آتا تھا کہ ہمارا بیٹا اور لڑکوں کی طرح زندگی نہیں گزار پائے گا مگر آج اس اعزاز کے ملنے کے بعد ہمیں ایسا کوئی افسوس نہیں ہے۔ کھاگیندرا قد میں چھوٹا ضرور ہے مگر اسی چھوٹے قد نے اسے بڑا نام دیا ہے۔ ہم اس کی سالگرہ کا کیک رشتے داروں اور اس موقع پر جمع ہونے والے صحافیوں کے ساتھ مل کر کاٹیں گے۔ یہ ہمارے لئے ایک بہت بڑا دن ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے بیٹے نے نیپال کا نام روشن کیا ہے۔‘‘

کھاگیندرا نے اپنے مستقبل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا: ’’میں دو سال کے عرصے میں شادی کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔ پھر میں اپنی بیوی کے ساتھ اس کے ہینڈ بیگ میں سوار ہوکر پوری دنیا گھوموں گا۔‘‘

رپورٹ: سمن جعفری

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں