1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بائیس انچ قد کا بالغ انسان: نیپال کا کھاگنیدرا ماگر

8 اکتوبر 2010

نیپال کے ایک نوجوان کھاگیندرا تھاپا ماگر کو عنقریب ہی دنیا کا سب سے کوتاہ قامت انسان قرار دے دیا جائے گا۔ کھاگیندرا کا قد صرف 56.5 سینٹی میٹر ہے اور وہ 14 اکتوبر کو 18 سال کا ہو جائے گا۔

https://p.dw.com/p/PZpf
سب سےکوتاہ قامت افراد میں سے ایک منگولیا کا پنگ پنگ دنیا میں سب سے لمبی ٹانگوں والی خاتون کےساتھتصویر: AP

یہ نیپالی نوجوان قانونی طور پر ابھی نابالغ ہے لیکن اس کے بالغ ہونے میں اب صرف چند روز ہی باقی رہ گئے ہیں۔ گینس بک آف ورلڈ ریکارڈز کے مطابق اس وقت دنیا کا سب سے چھوٹے قد کا یا سب سے کوتاہ قامت انسان کولمبیا کا ایڈورڈ نینو ہیرنانڈیس ہے، جس کا قد محض 70 سینٹی میٹر ہے۔

Hochzeit von Kleinwüchsigen 1864
جرمنی میں 1864 میں دو کوتاہ قامت جوڑوں کی شادی کے موقع پر لی گئی ایک تصویرتصویر: picture alliance/akg-images

لیکن اب نیپال میں پوکھارہ کا رہنے والا کھاگنیدرا باقاعدہ طور پر دنیا کا سب سے چھوٹے قد والا انسان بن جائے گا، کیونکہ وہ چودہ اکتوبر کو بالغ تو ہو جائے گا مگر اس کا قد ابھی تک صرف ایک فٹ دس انچ کے قریب ہے۔ اس کے مقابلے میں کولمبیا کے ایڈورڈ ہیرنانڈیس کا قد دو فٹ تین انچ بنتا ہے مگر کھاگیندرا سے تو وہ بھی کم از کم ساڑھے پانچ انچ لمبا ہے۔

اس نیپالی نوجوان کی مسلمہ حیثیت سے عالمی شہرت بس اب دنوں کی بات ہے۔ اپنے چہرے پر زیادہ تر ایک ہلکی سی مسکراہٹ لئے اور بہت دھیمی آواز میں بات کرنے والا کھاگیندرا ایک ایسا ہندو نوجوان ہے جس کا کُل چار افراد پر مشتمل خاندان ایک کمرے کے کرائے کے گھر میں رہتا ہے۔

کھاگیندرا کے گھر میں باورچی خانہ اسی ایک کمرے کے ایک کونے میں بنا ہے، جہاں وہ نہ صرف اپنی والدہ کی مدد کرتا ہے بلکہ کبھی کبھی خود سبزیاں کاٹنے کے علاوہ چاول بھی پکا لیتا ہے۔ مستقبل کے اس ’ورلڈ سٹار‘ کی والدہ کا نام دھنمایا تھاپا ماگر ہے۔

Kleinwüchsige Basketballspieler in Manila
فلپائن میں بہت چھوٹے قد کے افراد باسکٹ بال کھیلتے ہوئےتصویر: picture alliance/dpa

دھنمایا کہتی ہیں کہ جب ان کا یہ بیٹا پیدا ہوا تھا تو وہ اتنا چھوٹا تھا کہ وہ ان کی ایک ہتھیلی پر بھی مشکل سے پورا آتا تھا۔ وہ کہتی ہیں: ’’میرے لئے اپنے اس بیٹے کی پرورش اسے جنم دینے کے مقابلے میں کہیں زیادہ مشکل کام ثابت ہوا۔‘‘

کھاگیندرا ملکی دارالحکومت کٹھمنڈو سے قریب 200 کلومیٹر مغرب کی طرف باگلونگ کے ضلع میں پوکھارہ کی وادی میں رہتا ہے۔ دنیا کے اس سب سے چھوٹے قد والے انسان کا ایک چھوٹا بھائی بھی ہے، جس کا نام مہیش ہے اور عمر 14 برس۔ مہیش معمول کے قد کاٹھ کا مالک ہے اور اسی لئے کھاگنیدرا سے ’’کئی سال چھوٹا ہونے کے باوجود بہت لمبا‘‘ ہے۔

کھاگیندرا جو کپڑے پہنتا ہے، وہ دو سال کی عمر کے کسی عام لڑکے کے سائز کے ہوتے ہیں۔ اس کے زیر استعمال جوتوں کی لمبائی دس سینٹی میٹر ہے، جو خاص طور پر اس کے لئے بنائے گئے تھے اور جو اسے گینس ورلڈ ریکارڈز کی طرف سے بطور تحفہ دئے گئے تھے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک