1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایمسٹرڈیم میں فائرنگ، چھ افراد ہلاک

10 اپریل 2011

ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں فائرنگ کے ایک واقعہ کے میں کم ازکم چھ افراد ہلاک جبکہ دس زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ہفتے کو پیش آنے والے اس واقعہ کے بعد حملہ آور نے خود کو گولی مار کر ہلاک کرلیا۔

https://p.dw.com/p/10qk7
تصویر: dapd

ایمسٹرڈیم کے دفتر استغاثہ کے مطابق حملہ آور ایک شوٹنگ کلب کا ممبر تھا اوراس کے پاس اسلحہ رکھنے کے مختلف پانچ لائسنس تھے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ حملہ آور سمیت ہلاک شدگان کی تعداد سات ہے۔

دی ہیگ میں دفتر استغاثہ نے حملہ آور کی شناخت Tristan van der Vlis سے کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس کی عمر چوبیس برس تھی اور وہ ایک شوٹنگ کلب کا ممبر تھا۔ دفتر استغاثہ کی ترجمان کیٹی نوئے نے بتایا ہے کہ حملہ آور کے پاس تین قسم کے مختلف آتشی اسلحہ تھا،’ تاہم ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ اس نے ایک ہی سے فائرنگ کی یا تینوں استعمال کیے‘۔

Schießerei in Amsterdam Niederlande
امدادی ٹیمیں فوری طور پر وقوعہ پر پہنچ گئی تھیںتصویر: dapd

کیٹی نوئے نے کہا کہ حملہ آور نے ایک خط بھی چھوڑا ہے تاہم انہوں نے اس بارے میں کوئی مزید تفصیل نہیں بتائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ Tristan van der Vlis اپنے والد کے ساتھ شاپنگ سینٹر کے قریب ہی رہتا تھا۔ نوئے کے بقول قتل کی اس واردات میں وہ اکیلا تھا اور اس کا ساتھ دینے والا کوئی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ابھی تحقیقات کا عمل جاری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ حملہ آور نے ہفتے کی صبح ریڈرہوف نامی شاپنگ مال میں داخل ہو کر بلا تخصیص فائرنگ شروع کر دی۔ اس وقت وہاں بچے اور خواتین بھی موجود تھیں۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ دس سے بیس منٹ تک جاری رہا اور بعد ازاں حملہ آور نے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔

اس واقعہ کے بعد فوری طور پر اس مقام پر واقع تین شاپنگ مال خالی کرا لیے گئے۔ اس وقت یہ خوف محسوس کیا جا رہا تھا کہ شاید حملہ آور ایک نہیں بلکہ اس کے ساتھی بھی ہیں۔ تاہم بعد میں یہ بات غلط ثابت ہوئی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید