1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کینیڈا میں ڈرائیور نے وین راہگیروں پر چڑھا دی، دس افراد ہلاک

24 اپریل 2018

کینیڈا کے سب سے بڑے شہر ٹورانٹو میں ایک ڈرائیور نے اپنی وین راہگیروں پر چڑھا دی، جس کے نتیجے میں دس افراد ہلاک اور پندرہ سے زائد زخمی ہو گئے۔ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس کے اس اقدام کے محرکات ابھی تک غیر واضح ہیں۔

https://p.dw.com/p/2wXil
تصویر: picture-alliance/AP Photo/The Canadian Press/A. V. Elkaim

ٹورانٹو سے منگل چوبیس اپریل کی صبح ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق پولیس کے تفتیشی ماہرین سکیورٹی کیمروں کی فوٹیج اور عینی شاہدوں کے بیانات کی روشی میں یہ طے کرنے کی کوشش میں ہیں کہ اس شخص نے اپنی وین ایک پرہجوم پیدل راستے پر چلنے والے عام لوگوں پر کیوں چڑھا دی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق بظاہر اس ڈرائیور نے یہ کارروائی دانستہ طور پر کی اور اس واقعے میں پندرہ سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس نے اس وین کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔

میونسٹر حملہ، ہم اب تک کیا جانتے ہیں؟

جرمنی: وین راہگیروں پر چڑھا دی گئی، متعدد افراد ہلاک یا زخمی

مشتبہ ملزم کی عمر 25 برس ہے اور اس نے اس واقعے کے بعد موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس اہلکاروں نے اسے کچھ ہی فاصلے پر تھوڑی سی مزاحمت کے بعد بالآخر اپنی حراست میں لے لیا۔ بتایا گیا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق پیر کی شام پیش آنے والے اس واقعے میں مبینہ ملزم اپنی وین کو پیدل چلنے والے افراد کے لیے مختص ایک راستے پر چڑھانے کے بعد قریب ایک میل تک یہ وین چلاتا ہی رہا تھا۔

Kanada Wagen rast in Menschen auf einer Kreuzung in Toronto
تصویر: picture-alliance/AP Photo/The Canadian Press/A. V. Elkaim
Kanada Wagen rast in Menschen auf einer Kreuzung in Toronto
تصویر: Reuters/C. Allegri

اس دوران اس نے درجنوں لوگوں کو اپنی اس وین کے نیچے کچل دیا، جن میں سے کم از کم دس ہلاک اور ڈیڑھ درجن کے قریب زخمی ہو گئے۔ پولیس نے ابھی تک اس اقدام کے محرکات کے بارے میں کچھ نہیں کہا تاہم عینی شاہدوں کے بیانات سے ثابت ہوتا ہے کہ ملزم نے یہ کارروائی دانستہ طور پر کی۔

’میونسٹر وین حملہ‘، درجنوں افراد ہلاک یا زخمی

مقامی پولیس کے سربراہ مارک سونڈرز نے بتایا کہ مبینہ ملزم کا نام آلیک مِناسیان ہے، جو ٹورانٹو شہر کے ایک مضافاتی علاقے رچمنڈ ہل کا رہنے والا ہے۔ اسے آج منگل کی صبح ایک مقامی عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔

اس ملزم کا پولیس کے پاس پہلے سے کوئی ریکارڈ نہیں تھا اور اس نے اپنے ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر خود کو ایک کالج طالب علم لکھا تھا۔ حکام نے اس بارے میں کچھ نہیں کہا کہ یہ واقعہ ممکنہ طور پر ایک دہشت گردانہ حملہ بھی ہو سکتا ہے۔

اس واقعے کے حوالے سے یہ بات بھی اہم ہے کہ یہ ایک ایسے وقت پر پیش آیا ہے جب اسی ہفتے دنیا کے صنعتی طور پر ترقی یافتہ سات ممالک کے گروپ جی سیون کے وزراء کا ایک اجلاس بھی ٹورانٹو ہی میں ہو رہا ہے۔ ٹورانٹو میں اس واقعے سے قبل ماضی قریب میں بھی کئی یورپی ممالک میں راہگیروں پر کوئی وین یا ٹرک چڑھا دینے کے ایسے ہی متعدد ہلاکت خیز واقعات پیش آ چکے ہیں، جن میں سے اکثر کے محرکات دہشت گردانہ تھے۔

م م / ع ا / اے پی