ٹینس: نادال جیت کے بارے میں متشکک
10 اگست 200923 سالہ ہسپانوی کھلاڑی رافائل نادال اس ہفتے کینیڈا میں کھیلے جانے والے راجرز کپ میں اپنے اعزار کا دفاع کریں گے۔ تاہم جب صحافیوں نے ان سے دریافت کیا کہ وہ یہ ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے کتنے پر امید ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ جیتنا ان کے لیے تقریباً ناممکن ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اس ٹورنامنٹ کے ذریعے وہ ’ردھم‘ میں واپس آ جائیں۔
واضح رہے کہ رواں برس فرنچ اوپن کے دوران نادال گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہو گئے تھے۔ وہ چار برس کے بعد فرنچ اوپن ہار گئے اور اس کے بعد ومبلڈن میں بھی شریک نہ ہو سکے۔ رواں برس کا ومبلڈن سوئیڈش کھلاڑی راجر فیڈرر نے جیت کر 15 گرینڈ سلیم جیتنے کا عالمی ریکارڈ بنا لیا۔ اس سے پہلے یہ اعزاز امریکی کھلاڑی پیٹ سمپراس کے پاس تھا جنہوں نے اپنے کرئیر میں چودہ گرینڈ سلیم جیتے تھے۔
نادال کے مطابق ان کے گھٹنے کی چوٹ ’خطرناک‘ نہیں ہے تاہم انہیں تکلیف ضرور ہے۔
واضح رہے کہ راجرز کپ ہارڈ کورٹ پر کھیلا جانے والا ایک اہم ٹورنامنٹ ہے جس کے بعد نیویارک کے فلشنگ میڈوس میں سال کا آخری گرینڈ سلیم یو ایس اوپن کھیلا جائے گا۔ جب نادال سے پوچھا گیا کہ وہ یو ایس اوپن جیتنے کے لیے کتنے پر امید ہیں تو اس سوال کا جواب بھی انہوں نے یہی دیا کہ یو ایس اوپن جیتنے کے بارے میں سوچنا ابھی قبل از وقت ہے۔ ان کی تمام تر توجّہ اس وقت سو فیصد فٹ ہونے پر ہے نہ کہ ٹورنامنٹس جیتنے پر۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ یو ایس اوپن تک مکمل فٹ ہو جائیں گے۔
اگر رافائل نادال راجرز کپ کے پہلے یا دوسرے راؤنڈ میں ہار جاتے ہیں تو سیمی فائنل تک پہنچنے کی صورت میں برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے عالمی نمبر دو کھلاڑی بن جائیں گے اور نادال تیسری پوزیشن پر چلے جائیں گے۔ اگر مرے یہ ٹورنامنٹ جیت لیتے ہیں تو وہ بہر صورت عالمی رینکنگ میں تیسری سے دوسری پوزیشن پر آ جائیں گے۔