1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مورینیوکی جرمن کھلاڑیوں میں دلچسپی

26 جولائی 2010

ریئل میڈرڈ فٹ بال کلب کے نئے کوچ یوزے مورینیو ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ایک نئی ٹیم کی تیاری کے مرحلے میں ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ایک مضبوط ٹیم کے لئے وہ جرمن فٹ بال کھلاڑیوں کو اپنے کلب میں شامل کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/OUQr
دنیائے فٹ بال کے مہنگے ترین کوچ یوزے مورینیوتصویر: AP

جمعہ کے دن دنیائے فٹ بال کے مہنگے ترین کوچ یوزے مورینیو نے میڈرڈ میں ریئل میڈرڈ کلب کی نئی بنیاد رکھنی شروع کی۔ پرتگال سے تعلق رکھنے والے مورینیو نے ٹیم کے لئے نئے سخت ضوابط بھی متعارف کروائے، جن میں وقت کی پابندی، مناسب ڈریسنگ، مثبت رویہ ، خوراک اور فٹنس جیسی چیزوں کی ایک فہرست جاری کی۔ فٹ بال سے شناسائی رکھنے والے لوگ اچھی طرح جانتے ہوں گے کہ مورینیو نے جس کلب کی بھی کوچنگ کی، وہاں اپنے ضوابط ہی مرتب کئے۔

NO FLASH Fußball WM 2010 Deutschland Ghana
نوجوان کھلاڑی محسوت اوزلتصویر: AP

اب ریئل میڈرڈ کی کوچنگ سنبھالنے کے بعد وہ وہاں بھی ٹیم کو اپنے طریقے سے چلانا چاہتے ہیں، اور انہیں اس بات کی اجازت بھی دی جا چکی ہے۔ مورینیو کا خیال ہے کہ وہ اپنے کلب کو ایک مضبوط ٹیم کی شکل دینے کی غرض سے کئی اہم جرمن کھلاڑیوں پر انحصارکرسکتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ممکنہ طور پر جو جرمن کھلاڑی ریئل میڈرڈ کے ساتھ معاہدہ کر سکتے ہیں، ان میں نوجوان اکیس سالہ محسوت اوزل، سمی خدیرا، ماریو گومز، بستیان شوائن شٹائیگر اور تھوماس ملر شامل ہیں۔

بدھ کے دن ہی شٹٹ گارٹ کلب کی نمائندگی کرنے والے سمی خدیرا نے میڈرڈ میں مورینیو سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ملاقات کے دوران اس جرمن دفاعی مڈ فیلڈر کو کوئی دس ملین یوروکے معاہدے کی دعوت دی گئی۔ رپورٹوں کے مطابق ریئل میڈرڈ اور سمی خدیرا کے مابین ڈیل تقریباﹰ مکمل ہو چکی ہے۔

اسی طرح ہفتے کے دن سپین کے ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں گردش کرتی رہیں کہ سمی خدیرا کے بعد اب ریئل میڈرڈ کے کوچ مورینیو، جرمن کلب بریمن کی طرف سے کھیلنے والے کھلاڑی محسوت اوزل کے ساتھ ڈیل کرنے کی کوشش میں ہیں۔

Sami Khedira vom VfB Stuttgart
سمی خدیراتصویر: AP

ہسپانوی اخباروں نے یہ دعوے بھی کئے ہیں کہ مورینیو ، جرمنی کے میونخ کلب کے روح رواں شوائن شٹائیگراور تھوماس ملر میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔ فیفا ورلڈ کپ سن دو ہزاردس میں جرمن ٹیم کے ریزور کھلاڑی ماریو گومز کا نام بھی ان کھلاڑیوں میں شامل ہے، جو ممکنہ طور پرریئل میڈرڈ کا حصہ بن سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ جرمن کھلاڑیوں کا ریئل میڈرڈ کی طرف سے کھیلنا، ماضی کی ایک مضبوط روایت رہا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں