1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا ورلڈ کپ کا دوسرا دن ، ایران اور یوروگوائے فاتح

15 جون 2018

فیفا ورلڈ کپ 2018 کے دوسرے دن کھییلے گئے میچوں میں یوروگوائے نے مصر کو ایک صفر سے مات دی جبکہ ایران نے بھی مراکش کا ایک صفر سے ہرا دیا۔

https://p.dw.com/p/2zeK7
WM 2018 | Russland | Marokko - Iran
تصویر: Reuters/D. Martinez

فیفا ورلڈ کپ کے دوسرے دن کھیلے گئے پہلے میچ میں ایک دلچسپ مقابلے بعد یوروگوائے کی قومی ٹیم نے مصر کو ایک صفر سے مات دے دی۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول اسکور نہ کر سکیں لیکن دوسرے ہاف کے 89 ویں منٹ میں Jose Gimenez نے شاندار گول کر کے یوروگوائے کو فیصلہ کن برتری دلوا دی۔

اس میچ میں لا لیگا میں بارسلونا کی نمائندگی کرنے والے یورو گوائے کے اسٹار کھلاڑی سوریس کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے۔ دوسری طرف انگلش پریمیئر لیگ کی ٹیم لیور پول سے کھیلنے والے مصری ٹیم کے اسٹار محمد صالح یہ میچ نہ کھیل سکے۔

چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں زخمی ہونے صالح مکمل فٹ نہیں تھے تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ گروپ اے کے دیگر میچوں میں جلوہ گر ہو سکیں گے۔ ناقدین کے خیال میں صلاح کی عدم موجودگی کی وجہ سے مصری ٹیم کا اٹیک متاثر ہوا اور اگر وہ اس میچ میں کھیل سکتے تو مصری قومی فٹ بال ٹیم کے جیتنے کے امکانات تھے۔

جمعے کے دن ہی کھیلے گئے گروپ بی کے ایک میچ میں ایران اور مراکش کی ٹیمیں مد مقابل تھیں۔ اس میچ میں بھی پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول نہ کر سکی تاہم دوسرے ہاف کا مقررہ ٹائم ختم ہونے کے بعد ملنے والے چھ منٹ کے اضافی وقت میں مراکش کے دفاعی کھلاڑی عزیز نے غلطی سے اپنی ہی ٹیم کے خلاف گول کر دیا، جس کے نتیجے میں اپنے اولین میچ میں ایرانی ٹیم فاتح قرار پائی۔

گروپ بی کا ایک اور میچ جمعے کی رات اسپین اور پرتگال کی ٹیموں کے مابین ہو گا۔ اس میچ میں دنیائے فٹ بال کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو بھی فیفا ورلڈ 2018 کا اپنا اولین میچ کھیلیں گے۔ فیفا ورلڈ کپ کے پہلے دن افتتاحی میچ میں روس نے سعودی عرب کو پانچ صفر سے مات دی تھی۔