1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلوریڈا کے نائٹ کلب میں فائرنگ، کم از کم دو ہلاک

25 جولائی 2016

امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر فورٹ مائرز کے ایک نائٹ کلب میں فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق 14 سے 16 دیگر افراد زخمی بھی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1JVTL

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب فورٹ مائرز میں واقع ’کلب بلو‘ کی پارکنگ میں پیش آیا۔

فورٹ مائرز کے پولیس ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق مقامی وقت کے مطابق شب 12:30 کے فوری بعد پیش آنے والے اس واقعے کے بعد پولیس کو ’’متعدد افراد زخمی حالت میں ملے جنہیں گولیاں لگی ہوئی تھیں۔‘‘ اس بیان کے مطابق ان میں معمولی زخمی ہونے والوں سے لے کر شدید زخمی افراد بھی شامل ہیں۔

ایک مقامی ٹیلی وژن کے مطابق جب فائرنگ ہوئی تو اس کلب میں ٹین ایجرز کی ایک پارٹی ہو رہی تھی۔ پولیس کے مطابق تین افراد کو تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔ تحقیقات کے لیے متاثرہ علاقے کی سڑکیں بند کر دی گئی ہیں تاہم پولیس کے مطابق اب یہ علاقہ ’محفوظ معلوم ہوتا ہے‘‘۔

امریکی تاریخ میں ’فائرنگ کا ایک بدترین واقعہ‘، پچاس ہلاک

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق فورٹ مائرز پولیس ڈیپارٹمنٹ کے کپٹن جِم مُلیگان کا کہنا تھا کہ پیر کی علی الصبح 17 افراد فائرنگ کا نشانہ بنے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تین افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ فائرنگ دو مختلف جگہوں پر ہوئی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نائٹ کلب کے قریب ایک گھر اور گاڑیوں پر بھی فائرنگ کی گئی جس کی وجہ سے ایک شخص معمولی زخمی ہوا۔

USA Orlando Florida Untersuchungen zum Attentat am Club Pulse
تصویر: Reuters/C. Allegri

امریکی ریاست فلوریڈا ہی کے شہر اورلینڈو کے ایک نائٹ کلب میں چھ ہفتے قبل یعنی 12 جون کو ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 49 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ایک تنہا شخص کی طرف سے یہ امریکا کی حالیہ تاریخ کا بد ترین فائرنگ کا واقعہ تھا۔ تین گھنٹے تک جاری رہنے والی کارروائی کے بعد پولیس نے افغان نژاد امریکی شہری عمر متین کو ہلاک کر دیا تھا۔

دہشت گرد گروپ داعش نے 29 سالہ عمر متین کو ’خلافت کا ایک سپاہی‘ قرار دیتے ہوئے اس کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ تاہم امریکی حکام کا کہنا تھا کہ بظاہر یہ شخص آن لائن جہادی پراپیگنڈا کے سبب شدت پسندی پر مائل ہوا تھا۔