1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دی ہیگ کی فوجداری عدالت میں کینیٹا کی پیشی

کشور مصطفیٰ7 اکتوبر 2014

کینیا کے صدر اوھورو کینیاٹا بین الاقوامی فوجداری عدالت میں پیش ہونے کے لیے آج سات ستمبر کو ایمسٹرڈم پہنچ رہے ہیں۔ ان پر انسانیت کے خلاف جرائم کا الزام ہے۔

https://p.dw.com/p/1DRcw
تصویر: REUTERS/N. Khamis

گزشتہ برس ستمبر میں صدر اوھورو کینیاٹا اور نائب صدر ولیم روٹو پر دی ہیگ کی بین الاقوامی فوجداری عدالت یا انٹر نیشنل کرمنل کورٹ نے انسانیت کے خلاف جرائم کے سلسلے میں فرد جرم عائد کر دی تھی۔

افريقی ملک کینیا کے صدر کی دی ہیگ کی فوجداری عدالت میں پیشی کو ایک تاریخی واقعہ قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ پہلی بار کسی ملک کا صدر اس ٹریبونل کے سامنے اپنے دور صدارت کے دوران پیش ہونے جا رہا ہے۔ صدر اوھورو کینیاٹا نے ملک سے اپنی غیر حاضری کے دوران کینیا کے نائب صدر کو عارضی طور پر ملک کی سالمیت اور خود مختاری کی حفاظت کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق صدر کینیاٹا کینیا سے ایک نجی مسافر کی حیثیت سے معمول کی فلائٹ سے ایمرسٹرڈم کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔ پرواز سے قبل نائیروبی ایئر پورٹ پر مختصر تعداد میں ان کے حامی انہیں الوداع کہنے کے لیے موجود تھے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ذرائع کے مطابق صدر کینیاٹا کے ہمراہ اُن کی اہلیہ اور بیٹی بھی ایمرسٹر ڈم پہنچ رہی ہیں۔ ان کے علاوہ چھ اراکین پارلیمان اور تین وزراء پر مشتمل ایک وفد بھی کینیاٹا کے ساتھ روانہ ہوا ہے۔

Afrika Bürger Zivilisten Gewalt Waffen Machete
کینیا کی خانہ جنگی میں لاتعداد شہریوں کو اذیت اٹھانا پڑی تھیتصویر: picture-alliance/AP Photo

مقامی اخباروں کی رپورٹ کے مطابق کینیاٹا نے گزشتہ روز یعنی پیر کو کینیا کی قومی سلامتی کونسل کے اراکین کے ساتھ ملاقات کی تھی اور اپنی ملک سے غیر موجودگی کے دوران ملکی سلامتی کی صورتحال کے بارے میں بات چیت کی تھی۔ کینیا کے نائب صدر ولیم روٹو نے حکومتی سربراہ کی حیثیت سے عارضی طور پر ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ کینیٹا اور روٹو دونوں سیاسستدانوں پر 2007 ء کے صدارتی انتخابات کے بعد ملک میں تشدد اکسانے ، قتل کی منصوبہ بندی کرنے اور کمیشن لینے جیسے سنگین الزامات عائد ہیں۔ مشرقی افریقہ کے اس ملک میں ان سیاستدانوں کی پھیلائی ہوئی مبينہ بدامنی کے نتیجے میں 1200 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ نصف ملین افراد بے گھر بھی ہوئے تھے۔ اس کے باوجود کینياٹا اور روٹو دونوں نے 2013 ء کے انتخابات کے لیے متحد ہو کر مہم شروع کی اور دونوں نے الیکشن میں کامیابی بھی حاصل کر لی۔ سنگین جنگی جرائم کے ان دونوں ملزموں نے خود کو قومی یکجہتی اور اتحاد کا نمونہ بنا کر پیش کیا اور اپنی سیاسی مہم میں کامیاب رہے۔

Kenia William Ruto
ولیم روٹوتصویر: picture alliance / Kyodo

دی ہیگ میں بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) میں انسانیت کے خلاف جرائم کے اس مقدمے کی سماعت بدھ آٹھ اکتوبر کو ہوگی جس میں یہ طے کیا جائے گا کہ آیا یہ مقدمہ قابلِ سماعت ہے یا نہیں۔

ڈی پی اے کے مطابق اس سماعت میں وکلائے استغاثہ کینیا کی حکومت پر شواہد چھپانے کا الزام عائد کر سکتے ہیں جبکہ وکلائے صفائی ناکافی ثبوتوں کی بنا پر مقدمہ خارج کرنے کی استدعا کر سکتے ہیں۔