1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بہت زیادہ بیٹھنے والے افراد میں موت کا خطرہ زیادہ

30 مارچ 2012

ایک نئی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ جو لوگ زیادہ دیر تک بیٹھ کر کام کرتے ہیں یا ٹی وی کے سامنے وقت گزارتے ہیں ان میں موت کا خطرہ ان افراد کی نسبت بڑھ جاتا ہے جو دن میں کم گھنٹے ایسی سرگرمیوں میں مصروف رہتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/14V1y
تصویر: Fotolia

یہ تحقیق آسٹریلیا کے سائنس دانوں نے تین برس کے عرصے تک کی ہے اور اس کے نتائج آرکائیوز آف انٹرنل میڈیسن نامی جریدے میں شائع ہوئے ہیں۔ محققین کا کہنا ہے کہ کچھ وقت ہلکی پھلکی سے معتدل جسمانی سرگرمی میں گزارنے سے طویل المدتی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

Hidde van der Ploeg اس تحقیق کی مرکزی مصنفہ ہیں جن کا تعلق یونیورسٹی آف سڈنی سے ہے۔ ان کا کہنا ہے: ’’جب ہم لوگوں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ انہیں کتنی جسمانی سرگرمی کرنی چاہیے، تو ہمیں انہیں یہ بتانے کی بھی ضرورت ہے کہ وہ اس وقت میں کمی لائیں جو وہ ہر روز بیٹھ کر گزارتے ہیں۔‘‘

یہ تحقیق 2006 ء سے 2008 ء کے درمیان نیو ساؤتھ ویلز کے 45 برس اور اس سے زائد عمر کے دو لاکھ سے زائد افراد پر کی گئی۔ تحقیق سے پتا چلا کہ جو لوگ دن میں کم از کم گیارہ گھنٹے بیٹھ کر گزارتے ہیں ان میں مرنے کا امکان ان افراد کی نسبت 40 فیصد بڑھ جاتا ہے جو دن میں چار گھنٹوں سے بھی کم وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں۔

تحقیق میں حصہ لینے والے افراد سے ان کے تمباکو نوشی کرنے یا نہ کرنے، ورزش کے رجحان اور دن میں بیٹھ کر گزارنے والے وقت سے متعلق سوالات بھی پوچھے گئے۔

Diätlügen - Jogger im Park
چلنے پھرنے یا ورزش کرنے سے ٹانگوں کے عضلات مسلسل کام کرتے رہتے ہیں اور صحت بہتر رہتی ہےتصویر: AP

تحقیقی ٹیم نے اس کے بعد تین برسوں تک آسٹریلیا کے شرح اموات کے ریکارڈ سے ان افراد کی صورت حال کو دیکھا۔ اس دوران ان میں سے 5,400 افراد یا دو سے تین فیصد انتقال کر گئے۔

Hidde van der Ploeg نے کہا کہ بہت زیادہ بیٹھنے سے خون کی شریانیں اور میٹابولزم کا عمل متاثر ہوتا ہے، خون میں چربی کی مقدار بڑھ جاتی ہے اور کولیسٹرول کی، صحت کے لیے بہتر سطح کم ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا: ’’کھڑے رہنے یا چلنے کی صورت میں ٹانگوں کے عضلات مسلسل کام کرتے رہتے ہیں جس سے خون میں گلوکوز اور چربی کی مقدار کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ بیٹھے رہنے کی صورت میں یہ عمل نہیں ہوتا کیونکہ عضلات اس وقت غیر فعال ہوتے ہیں۔‘‘

یہ تحقیق اس سے ملتے جلتے دیگر مطالعات سے مطابقت رکھتی ہے۔ کینیڈا کے چلڈرنز ہاسپٹل آف ایسٹرن اونٹاریو میں فربہی اور جسمانی سرگرمیوں پر تحقیق کرنے والے Mark Tremblay کا کہنا ہے: ’’چاہے آپ کی عمر کچھ بھی ہو، بیٹھے رہنے یا ٹی وی اسکرینوں کے سامنے ڈھیر ہو جانے سے آپ کی صحت پر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔‘‘

محققین کا ماننا ہے کہ زیادہ دیر تک بیٹھ کر کام کرنے والے افراد کو کوشش کرنی چاہیے کہ وہ وقفوں وقفوں سے اٹھ جایا کریں تا کہ بیٹھنے کے تسلسل کا خاتمہ کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ انہیں پانی کافی مقدار میں پینا چاہیے اور جسم کو کھولنے کی مشقیں کرنی چاہییں۔

رپورٹ: حماد کیانی / خبر رساں ادارے

ادارت: عاطف توقیر