1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشین گیمز: پاکستانی خواتین کرکٹرز سیمی فائنل میں

15 نومبر 2010

ایشین گیمز کے چوتھے روز پاکستان کو سب سے اچھی خبرکرکٹ کے گراؤنڈ سے ملی جہاں پاکستانی خواتین کی ٹیم نے میزبان چین کونو وکٹوں سے ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Q9nX

چین کو 60 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد پاکستان نے مطلوبہ ہدف ایک وکٹ پر پورا کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر جویریہ ودود اور ندا فاروقی نے 27، 27 رنز بنائے ۔ پاکستان نے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی ۔پاکستانی ٹیم کی کپتان ثنا میرکا چین کے خلاف فتح کے بعد ریڈیو ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دونوں میچوں ہماری باؤلنگ کی کارکردگی اعلیٰ رہی ہے اور وہ ایونٹ میں کامیابی کے لئے نہایت پرامید ہیں۔ ثنا میر نے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی اور سیلاب سے لے کر کرکٹ کے بحران کو اپنی ٹیم کے لئے ایک تحریک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین کرکٹرز ان حالات میں طلائی تمغہ جیت کر ہم وطنوں کو خوشی کی خبر دینا چاہتی ہیں۔

Asian Games Asienspiele 2010 Eröffnungsfeier China Guangzhou
12نومبر کو منعقد ہونے والی ایشیائی کھیلوں کی افتتاحی تقریب پر کی جانے والی آتش بازی کا مرکزتصویر: AP

سنوکر میں پاکستان کی سیمی فائنل میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں تین صفر سے شکست بھی اسے کانسی کا تمغہ جیتنے سے نہ روک سکی۔ یہ پاکستان کا ایشین گیمز 2010 کا پہلا میڈل ہے۔ پاکستان نےکویت، ہانگ کانگ اور ایران کے بعد کوارٹر فائنل میں عراق کو ہراکر سیمی فائنل میں جگی بنائی تھی۔ مگرعمران شہزاد، سہیل شہزاد اور شہرام چنگیزی پر مشتمل پاکستانی سنوکر ٹیم کو بھارت کے مشہور زمانہ یاسین مرچنٹ، ادتیہ مہتا اور برجیش دامانی کے ہاتھوں کلین سویپ کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان فٹبال ٹیم کو ایشین گیمز کے دستے میں سب سے آخر میں جگہ ملی تھی مگریورپ سے درآمد کیے گئے فٹ بالرز عاطف بشیر اور فرزا احمد بھی اسےایونٹ میں سب پہلے باہر ہونے کی رسوائی سے نہ بچا سکے۔تھائی لینڈ سے چھ صفر اورعمان سے دو صفرسے ہارنے والی پاکستانی ٹیم مالدیپ کی کمزور ٹیم سےمیچ بمشکل برابر کھیل سکی۔ سابق کپتان علی نواز بلوچ نے انٹرنیشنل میچز نہ کھیلنے کو ایشین گیمز میں فٹبال ٹیم کی مایوس کن کاکردگی کی بڑی وجہ قرار دیا۔ علی نواز نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ دوسرے کھیلوں کی طرح پاکستان سپورٹس بورڈ نے فٹبال ٹیم کو تیاری کا موقع نہیں دیا ۔ آخری وقت تک ٹیم کو ایونٹ میں شرکت پرغیر یقینی صورتحال کا سامنا رہا جو خراب کاکردگی کا بڑا سبب بنا۔

Hockey Team Pakistan
سولہویں ایشیائی کھیلوں میں پاکستانی ہاکی ٹیم سے بہت امیدیں وابستہ کی جارہی ہیںتصویر: AP

ایشین گیمز کے جوڈو ایونٹ کی 70 کلوگرام کٹیگری میں پاکستان کی فوزیہ ممتاز کو جنوبی کوریا کی سول نے محض 50 سیکنڈ میں شکست دے دی۔90 کلو گرام میں پاکستان کے مظفر اقبال نے جاپانی حریف تاکاسی اونو کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔ اس سے پہلے زاہد اقبال اور حسین شاہ اور بعد میں آیت اللہ بھی ہمت ہار گئے تھے۔

شوٹنگ میں 10 میٹر ایئرپسٹل کلاس میں پاکستان کے کلیم اللہ اور کلیم الدین کے علاوہ خواتین نشانے باز تزئین اختر، مشعل منیر، عروج فاطمہ اور نازش خان کے نشانے بھی خطا چلے گئے۔

بیس بال میں پہلے روز ہانگ کانگ کو زیر کر نے والی پاکستان ٹیم کو دوسرے میچ میں تائیوان کے ہاتھوں گیارہ ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستانی باکسرز منگل کو پہلی بار رنگ میں اتریں گے جبکہ دلچسپی کا سب سے بڑا مرکز پاکستانی ہاکی ٹیم گروپ بی میں اپنا پہلا میچ بدھ کو ہانگ سے کھیلےگی۔ پاکستان اور بھارت کا ہاکی میچ سنیچرکو ہوگا۔

رپورٹ : طارق سعید، کراچی

ادارت : افسراعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں