1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشین گیمز میں ہاکی مقابلے: پاکستان اور بھارت پر امید

12 نومبر 2010

ایشین گیمز کے آغاز پر ہی ہاکی شائقین کی نگاہیں پاکستان اور بھارت کے مابین ہونے والے میچ پر مرتکز ہو گئی ہیں۔ اس بار بھی روایتی حریفوں کے مابین یہ میچ انتہائی کانٹے دار ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/Q6pP
بھارت اور پاکستان میں ہاکی کے شائقین بہت زیادہ ہیںتصویر: UNI

سہولویں ایشین گیمز کا آغاز اگرچہ جمعہ سے شروع ہو گیا ہے تاہم ہاکی کے مقابلے ہفتے سے شروع ہو رہے ہیں۔ چین کے شہر گوانگژو میں قائم Aoti ہاکی سینٹر میں کھیلے جا رہے ان میچوں کی اہمیت اس لئے بھی کافی زیادہ ہے کیونکہ ایشین گیمز میں ہاکی کا ٹائیٹل اپنے نام کرنے والی ٹیم سن 2012ء کے اولمپک مقابلوں کے لئے براہ راست ہی کوالیفائی کر جائے گی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ان مقابلوں سے کافی زیادہ امیدیں لگا رکھی ہیں۔ پاکستانی ہاکی حکام کے بقول وہ ٹیم کی بہتر کارکردگی کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے ہیں۔ پاکستان کا سب سے زیادہ سخت مقابلہ بھارت کے ساتھ ہوگا۔ یہ میچ بیس نومبر کو کھیلا جائے گا۔

Zeeshan Ashraf
پاکستان ہاکی ٹیم کی قیادت کرنے والے ذیشان اشرفتصویر: AP

پاکستانی ہاکی ٹیم کے کپتان ذیشان اشرف نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف جیت سے پاکستانی ٹیم کے حوصلے بلند ہو جائیں گے۔’یہ میچ ایک نیوٹرل مقام پر کھیلا جائے گا، اس لئے یہ مقابلہ برابر کا ہو گا۔‘ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ ان کی ٹیم بھارتی ٹیم کو جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرنے سے روکنے میں کامیاب ہو سکتی ہے۔

رواں سال بھارت اور پاکستان کی ہاکی ٹیمیں دو مرتبہ مد مقابل آئیں، جن میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی۔ بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے میجر دیال چند نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں عالمی کپ مقابلوں کے دوران بھارت نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا جبکہ اسی گراؤنڈ میں کھیلے گئے حالیہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کو چار کے مقابلے میں سات گول سے ہار کا منہ دیکھنا پڑا۔

ایشین گیمز میں سات مرتبہ ہاکی کا ٹائیٹل جیتنے والے ملک پاکستان نے آخری مرتبہ سن 1990ء میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ سن 1994ء میں سڈنی منعقدہ عالمی کپ ہاکی کا ٹائیٹل جیتنے کے بعد پاکستان نے ابھی تک کسی بڑے ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل نہیں کی ہے۔

Commonwealth Games 2010 Indien Pakistan
رواں سال ہی کامن ویلتھ گیمز میں بھارت نے پاکستان کو چار کے مقابلے میں سات گولوں سے شکست دی تھیتصویر: AP

ایشین گیمز میں بھارت کی ٹیم ایک مضبوط ٹیم تصور کی جا رہی ہے۔ سپین سےتعلق رکھنے والے بھارتی ہاکی ٹیم کے چیف کوچ Jose Brasa نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم جس طرح کھیل رہی ہے، اس سے وہ بہت زیادہ پُر اعتماد ہیں۔ چارسال قبل دوحہ ایشین گیمز کے ہاکی مقابلوں میں بھارتی ٹیم کو ناکامی ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں وہ سن 2008ء کے بیجنگ اولمپیائی مقابلوں کے لئے کوالیفائی نہیں کر سکی تھی۔ اسی تناظر میں بھارتی ٹیم کے کوچ ہریندرا سنگھ نے کہا ہے، ’دوحہ ایشین گیمز میں جو کچھ ہوا تھا ، وہ ہم دوبارہ نہیں ہونے دیں گے‘۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں