کمپیوٹر کی دنیا میں نیا انقلاب، آئی بی ایم کی ’برین چپ‘
24 اگست 2011یہ ’نیورو سائنیپٹک‘ کمپیوٹر چپس دراصل انسانی دماغ کے ڈیٹا پراسیس کرنے کے طریقہ کار پر کام کرتی ہیں اس مقصد کے لیے اس میں ڈیجیٹل سرکٹس کے ذریعے ایسے ’کمپیوٹنگ کور‘ یا علاقے ترتیب دیے گئے ہیں جو بغیر کسی بیرونی سافٹ ویئر کے پراسیسنگ، رابطوں اور ڈیٹا کو ذخیرہ کرنے کے کام انجام دیتے ہیں۔
آئی بی ایم کی طرف سے جمعرات 18 اگست کو بتایا گیا کہ نئی چپس میں دراصل انتہائی جدید الگوردمز اور سیلیکان سرکٹس کے ذریعے انسانی دماغ کو حیرت انگیز طاقت عطا کرنے والے نیورونز اور معلومات کے تبادلے کے لیے استعمال ہونے والے خاص حصوں synapses جیسے افعال پیدا کیے گئے ہیں۔ آئی بی ایم کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق: ’’ ان چپس کے ذریعے جو کمپیوٹر بنائے جائیں گے انہیں ’کوگنیٹیو‘ یا علم رکھنے والے کمپیوٹرز کا نام دیا جائے گا اور یہ کمپیوٹر موجود کمپیوٹرز کی طرز پر کام نہیں کریں گے، بلکہ توقع کی جا رہی ہے کہ کوگنیٹیو کمپیوٹر اپنے تجربے سے سیکھیں گے۔ یہ مختلف چیزوں کے درمیان تعلق تلاش کرنے، مفروضہ سازی اور چیزوں کو یاد رکھتے ہوئے ان سے حاصل ہونے والے نتائج سے سیکھیں گے۔‘‘
تیار کی گئی برین چِپ میں کسی قسم کے بائیالوجیکل اجزاء شامل نہیں ہیں، لیکن اس میں دو اہم حصے ہیں جن میں سے ایک 262,144 پروگرام کیے جانے کے قابل synapses پر مشتمل ہے جبکہ دوسرا 65,536 سیکھنے والے synapses پر مشتمل ہے۔
آئی بی ایم کا ہدف اب ایک ایسا چپ سسٹم تیار کرنا ہے جس میں 10 بلین نیورونز اور 100 ٹریلین synapses موجود ہوں گے۔ یہ نظام کام کرتے ہوئے محض ایک کلو واٹ بجلی خرچ کرے گا اور اس کا سائز اتنا کم ہوگا کہ یہ صرف دو لٹر حجم کی جگہ لے گا۔ برین چپس پر مشتمل یہ نظام کمپلکس ریئل ٹائم انوائرنمنٹس یعنی پیچیدہ عوامل کے ظہور پزیر ہوتے ہوئے ان کا مشاہدہ کر نے اور ان کو چلانے کا اہل ہوگا۔ کمپنی کے مطابق یہ افعال موجودہ کمپیوٹرز کے بس سے باہر ہیں۔
آئی بی ایم ریسرچ پراجیکٹ لیڈر دھرمیندرا موڈھا کے بقول: ’’ ایسی ٹریفک لائٹس کا تصور کریں جو دیکھی گئی چیزوں، آوازوں اور سونگھنے کی قوت کو یکجا کرتے ہوئے کسی خطرناک چوراہے پر کوئی بھی حادثہ ہونے سے قبل ہی اس کے بارے میں انتباہ کردیں۔‘‘ دھرمیندرا کے مطابق :’’ یہ چپس دراصل کمپیوٹرز کو ایک حساب کتاب کرنے والی مشین سے ایک ایسے نظام میں بدل دیں گی جو سیکھنے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے، یعنی کمپیوٹرز کی ایک بالکل ہی نئی جنریشن۔‘‘
رپورٹ: افسر اعوان
ادارت: حماد کیانی