1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کافی کے داغ، اسمارٹ اِنک یا رنگ کی تیاری میں معاون

18 اگست 2011

کیا کبھی آپ نے غور کیا ہے کہ کافی اگر میز وغیرہ پر گِر جائے اور اسے سوکھنے دیا جائے تو اس کے رنگ کا زیادہ تر ارتکاز اس داغ کے کناروں پر ہوتا ہے؟ سائنسدانوں نے اسے ’کافی رِنگ ایفیکٹ‘ کا نام دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12J1J
تصویر: Subbotina Anna/Fotolia

سائنسدانوں نے کافی کے رنگ میں موجود اس خاص مظہر کا کیمیائی مشاہدہ کیا ہے اور ان کا دعویٰ ہے کہ ان کے تحقیقی نتائج سے پرنٹنگ، پینٹس اور مختلف چیزوں پر رنگوں وغیرہ کی تہہ چڑھانے کے حوالے سے انقلابی تبدیلیاں آ سکتی ہیں۔

محققین کے مطابق ’کافی رِنگ ایفیکٹ‘ دراصل دو وجوہات کی بناء پر ظاہر ہوتا ہے۔ ایک وجہ کسی بھی مائع یا لیکوئڈ میں موجود ذرات یعنی پارٹیکلز کی شکل ہے اور دوسرا یہ کہ یہ ذرات کسی خاص سطح میں موجود تناؤ یعنی ’سرفیس ٹینشن‘ پر کس طرح کا ردعمل ظاہر کرتے ہیں۔

پارٹیکلز یا ذرات سے مراد دراصل کافی، روشنائی، رنگ یا کوئی بھی اور ایسی چیز ہے جو مائع میں موجود ہو۔ سائنسدانوں کے مطابق گول ذرات قطرے کے کناروں کی طرف حرکت کرتے ہیں، یہی وجہ سے کہ ایسا کوئی قطرہ جب کسی سطح پر گر کر خشک ہوتا ہے تو یہ ذرات ایک دائرے کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔

اس تحقیق کے مطابق لمبوترے یا بیضوی ذرات خود ایسی صورت میں یکساں طور پر پھیل جاتے ہیں، اس وجہ سے انہیں پوری سطح پر پھیلانا نسبتاﹰ آسان ہوتا ہے۔

سائسندانوں کا دعویٰ ہے کہ ان کے تحقیقی نتائج سے پرنٹنگ، پینٹس اور مختلف چیزوں پر رنگوں وغیرہ کی تہہ چڑھانے کے حوالے سے انقلابی تبدیلیاں آ سکتی ہیں
سائسندانوں کا دعویٰ ہے کہ ان کے تحقیقی نتائج سے پرنٹنگ، پینٹس اور مختلف چیزوں پر رنگوں وغیرہ کی تہہ چڑھانے کے حوالے سے انقلابی تبدیلیاں آ سکتی ہیںتصویر: AP

اس تحقیق میں شامل پینسلوینیا یونیورسٹی کے محقق ارجن یُدھ کے بقول: ’’ اس تحقیق سے ہمیں معلوم ہوا ہےکہ نسبتاﹰ آسانی سے کسی بھی چیز پر رنگ کی بالکل یکساں تہہ کیسے چڑھائی جا سکتی ہے۔‘‘ تحقیقی ٹیم کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق: ’’ اگر آپ ذرات کی شکل تبدیل کر دیں تو آپ اس بات کو کنٹرول کر سکتے ہیں کہ وہ کس طرح اس سطح پر جمع ہوکر خشک ہوتے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ آپ مختلف اشکال کے ذرات کی آمیزش بھی کر سکتے ہیں۔ بعض اوقات آپ کسی خاص مرکب میں بیضوی ذرات کی تعداد تھوڑی سے بڑھا دیں تو خشک ہونے پر ان ذرات کی ترتیب مختلف ہوگی۔‘‘ اسی طرح اگر سطح کو ہموار بنانے کے لیے کوئی تعامل Surfactant سطح پر پھیلا دیا جائے تو اس سے بھی ان ذرات کے ارتکاز کی ترتیب میں تبدیلی آ جاتی ہے۔

پینسلوینیا یونیورسٹی کے سائنسدانوں کی یہ تحقیق برطانوی سائنسی جریدے ’دی نیچر‘ کے جمعرات 18 اگست کو جاری ہونے والے شمارے میں شائع ہوئی ہے۔ یونیورسٹی کی طرف سے اس بارے میں یوٹیوب پر ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے،جس کا ایڈریس ہے: http://www.youtube.com/watch?v=ZaCGoSTMHyc

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں