1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کارل لوئیس ٹریک کے بعد سیاست کی دوڑ میں

12 اپریل 2011

اولمپک مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے سیاہ فام امریکی کھلاڑی کارل لوئیس نے اعلان کیا ہے کہ وہ عملی سیاست میں حصہ لینا چاہتے ہیں اور ریاست نیوجرسی کی اسٹیٹ سینیٹ کی رکنیت کے لیے امیدوار ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/10rlL
اولمپک گولڈ میڈلسٹ کارل لوئیستصویر: dpa

کارل لوئیس ایک پیشہ ورکھلاڑی کے طور پر انتہائی کامیاب ایتھلیٹ رہے ہیں۔ جنہیں ماہرین کی طرف سے فیلڈ اسٹار کا نام دیا جاتا ہے۔ انہوں نے ایک ایتھلیٹ کے طور پر اپنے کیریئر میں چار مرتبہ گرمائی اولمپک مقابلوں میں حصہ لیا ان مقابلوں میں انہوں نے مجموعی طور پر سونے کے نو تمغے جیتےتھے۔

واشنگٹن سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق کارل لوئیس امریکہ میں ریاستی سطح کی سیاست میں ایک ڈیمو کریٹ کے طور پر حصہ لینا چاہتے ہیں۔ ان کا ارادہ ہے کہ وہ نیو جرسی کی اسٹیٹ سینیٹ میں ریپبلکن پارٹی کی ٹکٹ پر منتخب ہونے والے ایک رکن کو ہرا کر اس قانون ساز ادارے میں رکن بن جائیں۔

Leichtathletik WM in Stuttgart 93 Carl Lewis
کارل لوئیس انیس سو ترانوے میں اشٹٹ گارٹ میں ہونے والی لائٹ ایتھلیٹکس کی عالمی چیمپئن شپ میں حصہ لیتے ہوئےتصویر: picture-alliance / Rolf Kosecki

جرمن خبر ایجنسی DPA نے واشنگٹن سے موصولہ رپورٹوں میں کارل لوئیس کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا،’’جس جگہ سے میرا تعلق ہے مجھے اس پر فخر ہے۔ مجھے اپنی واپسی پر بھی فخر ہےاور میں نیوجرسی کی ریاست میں ٹیکس دہندگان کی خدمت کے لیے تیار ہوں امریکہ کی اس عظیم ریاست نے مجھے میری زندگی میں بہت سے شاندار مواقع میسر کیے ہیں۔‘‘

کارل لوئیس کی عمر اس وقت انچاس برس ہے اور انہیں بین الاقوامی شہرت اس وقت ملی تھی، جب انہوں نے 1984 ء کے لاس اینجلس اولمپک مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے چار گولڈ میڈل حاصل کیے تھے۔

چار سال بعد 1988ء میں جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں ہونے والے اولمپک مقابلوں میں اس امریکی کھلاڑی نے دو گولڈ میدل اور ایک سلور میڈل جیتا تھا۔ 1992 میں ‍اسپین کے شہر بارسلونا کے گرمائی اولمپک مقابلوں میں بھی لوئیس نے ایک ایتھلیٹ کے طور پر دو گولڈ میدل جیتے تھے۔ کارل لوئیس نے چوتھی اور آخری مرتبہ اولمپک مقابلوں میں شرکت 1996ء میں کی تھی۔ اٹلانٹا اولمپکس میں کارل لوئیس نے اپنا آخری اور مجموعی طور پر نواں گولڈ میڈل جیتا تھا۔

امریکی ریاست نیوجرسی کی اسٹیٹ سینیٹ کے الیکشن کے لیے اگر کارل لوئیس کو ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے باقاعدہ امیدوار نامزد کر دیا گیا تو اس سال نومبر میں ہونے والے الیکشن میں ان کا مقابلہ رپبلکن پارٹی کے Dawn Addiego سے ہو گا۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں