1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں گرفتار پانچ امریکی: ریمانڈ میں توسیع

25 دسمبر 2009

پاکستان کے شمال مشرقی شہر سرگودھا سے دسمبر کے اوائل میں جن پانچ امریکی شہریوں کو دہشت گردی کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا، ان پر ابھی تک کوئی باقاعدہ عدالتی الزامات عائد نہیں کئے جا سکے۔

https://p.dw.com/p/LDZS
عدالت کے نواح میں ڈیوٹی پر موجود ایک پولیس اہلکارتصویر: AP

سرگودھا کی ایک عدالت نےجمعہ کے روز ان ملزمان کو مزید دس روز کے لئے پولیس کے تحویل میں دے دیا تاکہ بنیادی چھان بین مکمل کی جا سکے۔ دسمبر کے شروع میں ایک چھاپے کے دوران گرفتار کئے گئے ان پانچ امریکی باشندوں میں سے دو اپنی دوہری شہریت کی وجہ سے پاکستانی شہری بھی ہیں۔

جمعہ کے روز ان ملزمان کو جب عدالت میں پیش کیا گیا تو استغاثہ کی طرف سے یہ موقف اختیار کیا گیا کہ ابھی تک پولیس ان مشتبہ دہشت گردوں سے بنیادی پوچھ گچھ مکمل نہیں کر سکی۔ لہٰذا مزید تفتیش کے لئے انہیں اگلے دس روز کے لئے دوبارہ پولیس کی تحویل میں دے دیا جائے۔ اس پر عدالت نے تفتیش کاروں کو مزید وقت دیتے ہوئے ان پانچوں امریکیوں کو اگلے دس دنوں کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا۔

پاکستانی حکام کے بقول صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں قیام کے دوران یہ غیر ملکی دہشت گرد نیٹ ورک القاعدہ سے قربت رکھنے والی تنظیموں اور عسکریت پسند گروپوں کے ساتھ رابطوں کی کوششوں میں تھے۔ ’’وہ غالبا شمال مغربی پاکستان میں طالبان کی پہلے سے جاری مسلح کارروائیوں میں شریک ہونا چاہتے تھے۔‘‘

Symbolgrafik: FBI und Kapitol
سرگودھا میں امریکی شہریوں سے FBI کے اہلکاروں نے بھی پوچھ گچھ کیتصویر: AP

عدالت کے جج محمد اسلم نے ملزمان کو ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے حکم دیا کہ ان امریکیوں کو دوبارہ چار جنوری کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ ان ملزمان سے اب تک پاکستان ہی میں امریکی تحقیقاتی ادارے FBI کے اہلکار بھی پوچھ گچھ کر چکے ہیں۔ امریکی محکمہ انصاف اس امر کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہا ہے کہ امریکی شہری ہونے کی وجہ سے ان افراد کے خلاف کسی امریکی عدالت میں دہشت گردی سے متعلق کس طرح کے ٹھوس الزامات عائد کئے جا سکتے ہیں۔

پولیس کے ایک اعلیٰ اہلکار حسیب شاہ نے صحافیوں کو بتایا کہ ان ملزمان سے تفتیش بہت پیچیدہ عمل ہے جو ریمانڈ سے متعلق جمعہ کے عدالتی فیصلے سے قبل محض دس روز میں مکمل نہیں کیا جا سکتا تھا۔ حسیب شاہ کے بقول پولیس اس شخص کا پتہ چلانے کی کوششوں میں ہے جس سے ملزمان نے رابطہ کیا تھا اور جس کے القاعدہ سے بھی قریبی تعلقات ہیں۔

پاکستان میں گرفتار کئے گئے ان پانچوں امریکی شہریوں کا تعلق امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی اور اس کے قریبی علاقے سے ہے۔ ان مشتبہ دہشت گردوں سے متعلق17 دسمبر کو ایک مقامی عدالت نے یہ حکم بھی دیا تھاکہ پاکستانی حکام اس عدالت کی اجازت کے بغیر ان امریکیوں کو ملک بدر کر کے واشنگٹن کے حوالے نہ کریں۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عدنان اسحاق