1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ممبئی حملے: پاکستان میں ملزمان کے خلاف مقدمے کی سماعت اگلے ہفتہ سے

12 جولائی 2009

پاکستانی وزیر داخلہ رحمان ملک نے بھارت کو ممبئی پر دہشت گردانہ حملوں کی تحقیقات میں تاخیرکا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے نئی دہلی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کو مطلوب مزید معلومات جلد از جلد فراہم کرے۔

https://p.dw.com/p/IlkV
ممبئی حملوں میں شامل ملزم اجمل قصاب جسے بھارتی حکام نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا تھاتصویر: AP

رحمان ملک نے ہفتہ کے روز اسلام آباد میں قائم مقام بھارتی ہائی کمیشنر کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ پاکستان اپنے ملکی قوانین کے مطابق ممبئی حملوں میں مشتبہ طور پر ملوث غیر ریاستی عناصر کے خلاف کارروائی کر رہا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام نے ان مشتبہ دہشت گردوں کے زیر استعمال موبائل فونوں کے sim کارڈز، کریڈٹ کارڈز اور اسی نوعیت کی دیگر بہت سی معلومات ابھی تک پاکستانی تفتیشی اداروں کو فراہم نہیں کیں۔

پاکستانی وزیر داخلہ نے زور دے کر کہاکہ بھارتی الزامات کے برعکس پاکستان شروع سے ہی ممبئی حملوں کی تفتیش انتہائی سنجیدگی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کر رہا ہے: "بھارت نے 28 نومبر کو تفتیش شروع کی تھی اور نو مئی کو بھارتی ماہرین نے اپنا کام ختم کیا تھا۔ پاکستانی اداروں نے اپنی تحقیقات 16 جنوری کو شروع کی تھی جو اسی مہینے مکمل بھی ہو چکی ہے۔ اس لئے جو عناصر یہ دعوے کرتے ہیں کہ پاکستانی ماہرین سست رفتاری سے کام کررہے ہیں، میں صرف شہادتی مواد پر بات کرتا ہوں، انہیں اب اپنا موقف بدل لینا چاہیے کیونکہ پاکستانی تفتیش کار اپنا کام نہایت ہی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اور بہت بہتر اور اچھے انداز میں مکمل کر چکے ہیں۔"

Pakistan Innenminister Rehman Malik Pressekonferenz in Islamabad
پاکستانی وزیر داخلہ رحمان ملکتصویر: Abdul Sabooh

صحافیوں کے ساتھ اپنی گفتگو میں رحمان ملک نے کہا کہ ممبئی حملوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار پانچ ملزمان کے خلاف تحقیقات مکمل کر کے چالان پروسیکیوٹر جنرل کے حوالے کر دیا گیا ہے اور ان ملزمان کے خلاف مقدمے کی سماعت اگلے ہفتہ شروع ہو جائے گی جو سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر جیل کے اندر ہی مکمل کی جائے گی۔

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ موجودہ حالات میں پاکستان اور بھارت کو اپنے مشترکہ دشمن کی چالیں اچھی طرح سمجھنا ہوں گی، رحمان ملک نے کہا: "یہ وہی غیر ریاستی عناصر ہیں جنہوں نے یہ معاملہ شروع کیا۔ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان صورتحال جنگ کی حد تک کشیدہ بنا دیں۔ میرے خیال میں یہی ان کا مقصد اور ایجنڈا ہے، وہ چاہے لکھوی ہو، بیت اللہ محسود یا فضل اللہ، ایسے عناصر کا مقصد ایک ہی ہے اور وہ ہے پاکستان کو غیر مستحکم بنانا۔"

ایک سوال کے جواب میں پاکستانی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 2001 سے لے کر آج تک 15 ہزار پاکستانی ہلاک ہو چکے ہیں اور اسی لئے "بھارت کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام کسی بھی طور درست نہیں ہے۔"


رپورٹ : شکور رحیم ، اسلام آباد

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں