1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ممبئی: پاکستانی ساحل استعمال نہیں ہوئے، ایڈمرل بشیر

رفعت سعید، کراچی27 فروری 2009

پاکستانی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نعمان بشیر نے جمعہ کے روز کراچی میں صحافیوں کو بتایا کہ 26 نومبر کے روز ممبئی میں دہشت گردانہ حملوں کے ملزمان نے بھارت جانے کے لئے پاکستانی ساحلی علاقہ استعمال نہیں کیا تھا۔

https://p.dw.com/p/H2sH
ممبئی حملوں کے دوران دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لئے بھارتی کمانڈوز ہیلی کاپٹرکے ذریعے ایک ہوٹل کی چھت پر اترتے ہوئےتصویر: AP

پاکستانی بحریہ کے سربراہ کے مطابق پاکستانی حکام کو اس بارے میں کوئی شواہد نہیں ملے کہ ممبئی کے حملہ آوروں نے بھارت کی سمندری حدود میں داخلے کے لئے اپنا سفر پاکستانی علاقے سے شروع کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ملکی دفتر خارجہ نے بھارتی حکومت سے اس سلسلے میں شواہد طلب کئے ہیں ۔

ایڈمرل نعمان بشیر نے کہا کہ یہ بھارت کا محض ایک دعویٰ ہے کہ ان حملوں میں پاکستان ملوث ہے تاہم پاکستانی حکومت کی نظر میں یہ صرف ایک الزام ہے جس کا ثابت ہونا ابھی باقی ہے۔

پاک بحریہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ کہ ممبئی حملوں کے ذمہ دار افراد کے پاکستانی علاقے سے بھارت جانے کے دعووں کو اگر درست تسلیم کر بھی لیا جائے تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ بھارتی بحریہ اور کوسٹ گارڈز اس وقت کہا ں تھے؟

ایک سوال کے جواب میں ایڈمرل بشیر نے کہا کہ پاکستان اپنے بندرگاہی علاقوں اور سمندی حدود کی بہت سخت نگرانی کرتا ہے اور مجموعی طور پر دہشت گردی صرف پاکستان یا بھارت ہی کا نہیں بلکہ ایک عالمی مسئلہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی بحریہ بھی اگلے محاذ پر خدمات انجام دے رہی ہے۔

ممبئی حملوں کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے مابین شدید کشیدگی پائی جاتی ہے جسے کم کرنے کی کوششیں تو کی جارہی ہیں مگر ابھی تک یہ کاوشیں بہت نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئیں۔