1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاہور میں عزت کے نام پر اب ایک جوڑے سمیت تین افراد کا قتل

مقبول ملک10 جون 2016

پاکستانی شہر لاہور میں جمعہ دس جون کے روز عزت کے نام پر مزید تین افراد کو قتل کر دیا گیا۔ مقتولین میں اپنے والدین کی مرضی کے بغیر شادی کرنے والا ایک جوڑا بھی شامل ہے۔ تیسرا مقتول اس جوڑے کی مدد کرنے والا ایک شہری تھا۔

https://p.dw.com/p/1J4ca
Pakistan Familienrache Mutter tötet Tochter in Lahore
لاہور میں وہ گھر جہاں بدھ آٹھ جون کے روز زینت بی بی کو اس کی والدہ نے زندہ جلا دیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa

پاکستان کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے جمعے کی شام ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق تین افراد کے قتل کا یہ واقعہ شہر کے نواحی علاقے کاہنہ میں پیش آیا، جو عملی طور پر اب بہت زیادہ پھیل چکے شہر لاہور ہی کا حصہ تصور کیا جاتا ہے۔

حکام کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں عزت یا غیرت کے نام پر قتل کا اسی ہفتے پیش آنے والا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس تہرے قتل کے ساتھ ہی صرف لاہور میں اس ہفتے عزت کے نام پر قتل کر دیے گئے افراد کی تعداد چار ہو گئی ہے۔

پولیس کے مطابق اس نئے خونریز واقعے میں محمد اشرف نامی ایک 56 سالہ شخص نے اپنی بیٹی صبا اور اس کے شوہر کرامت علی کو قتل کر دیا۔ اس نوجوان جوڑے نے قریب ڈیڑھ برس قبل اپنی مرضی سے شادی کر لی تھی اور صبا اور کرامت علی ابھی ایک روز قبل ہی اس لیے واپس کاہنہ لوٹے تھے کہ صبا کے گھر والوں کے ساتھ انتہائی کشیدہ تعلقات کو پھر سے بہتر بنا سکیں۔

فلک شیر نامی ایک مقامی پولیس اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا، ’’18 سالہ صبا نے 35 سالہ کرامت سے قریب ڈیڑھ برس قبل اپنے اہل خانہ کی رضامندی کے بغیر شادی کی تھی اور دونوں میاں بیوی جمعرات نو جون کی رات کو واپس صبا کے گھر آئے تھے تاکہ باہمی تعلقات دوبارہ بہتر بنائے جا سکیں۔‘‘

Pakistan Ehrenmord in Lahore 27.05.2014 Protest
پاکستان میں عزت اور غیرت کے نام پر قتل کے مسلسل واقعات کے خلاف اٹھنے والی احتجاجی آوازیں ابھی تک زیادہ مؤثر ثابت نہٰں ہو سکیںتصویر: AAMIR QURESHI/AFP/Getty Images

اس جوڑے کی واپسی کے بعد اہل خانہ کے درمیان ہونے والی ایک گرما گرم بحث کے دوران صبا کا والد محمد اشرف، جو پیشے کے اعتبار سے ایک سکیورٹی گارڈ ہے، شدید طیش میں آ گیا اور اس نے فائرنگ کر کے اپنی بیٹی اور داماد کو قتل کر دیا۔

پولیس اہلکار فلک شیر کے بقول اس فائرنگ کے دوران محمد اشرف نے وہیں پر موجود محمد اکرم نامی اپنے اس ہمسائے کو بھی قتل کر دیا، جس نے مقتول جوڑے کی شادی میں مبینہ طور پر اس کی مدد کی تھی۔ اس تہرے قتل کے بعد محمد اشرف اور اس کے بیٹے صفدر نے خود کو نہ صرف پولیس کے حوالے کر دیا بلکہ اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا۔

اے ایف پی کے مطابق کاہنہ میں آج کا واقعہ اسی ہفتے کے دوران عزت کے نام پر کیے جانے والےا س قتل کے چند ہی روز بعد پیش آیا ہے، جس میں زینت بی بی نامی ایک نوجوان لڑکی کو اس کی والدہ نے اس لیے زندہ جلا دیا تھا کہ اس لڑکی نے اپنے مرضی سے شادی کر لی تھی، جس پر اس کا خاندان انتہائی مشتعل تھا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں