فلم ’ہرے رام ہرے کرشنا‘ کے ری میک کی تیاری
29 جولائی 2010دیو آنند کے مطابق فلم ’ہرے رام ہرے کرشنا‘ کے ری میک کی سکرپٹ تیار ہے۔’’شائقین ’ہرے رام ہرے کرشنا‘ کو نئے انداز میں دیکھنا چاہتے ہیں، مجھے معلوم ہے۔ میں اسے نیپال میں بہت جلد بناوٴں گا۔‘‘ دیو آنند نے بدھ کے روز صحافیوں کو مزید بتایا کہ فلم ڈرگس اور ہپیز کے بارے میں تھیں، ڈرگس تو آج بھی ایک بڑا فیکٹر ہیں۔
اداکار دیو آنند ہدایت کار بھی ہیں تاہم بحیثیت ایک ہدایت کار ان کی فلمیں بوکس آفس پر ہٹ نہ ہو سکیں۔ ان کی فلمیں 'لَو ایٹ ٹائم سکوائر‘، ’سینسر‘ اور ’مسٹر پرائم منسٹر‘ اتنی کامیاب نہ ہو سکیں جتنی کہ دیو آنند کو امید تھی۔ لیکن ایکٹر آنند کے حوصلے تب بھی پست نہیں ہوئے ہیں، انہوں نے دلبرداشتہ ہونے کے بجائے فلم 'ہرے رام ہرے کرشنا‘ کا ری میک بنانے کا ذہن بنا لیا ہے۔
ایک اور فلم 'چارج شیٹ‘ میں دیو آنند بہت ہی اہم کردار نبھا رہے ہیں۔ آنند نے اس فلم میں سماج وادی پارٹی سے برطرف کئے جانے والے سیاست دان امر سنگھ کو بھی رول دیا ہے۔ امر سنگھ اس فلم میں وزیر داخلہ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
دیو آنند نے امر سنگھ کے بارے میں بتایا کہ وہ پارلیمانی رکن لگ رہے ہیں۔’’آپ امر سنگھ کی آنکھوں میں ملک کا وزیر داخلہ بننے کا خواب دیکھ سکتے ہیں۔ سیاست میں کچھ بھی ممکن ہے۔‘‘
رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/خبر رساں ادارے
ادارت: عدنان اسحاق