1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شوبز کی دنیا کے ایک سو امیر ترین ستاروں کی نئی فہرست

امجد علی12 جولائی 2016

امریکی جریدے ’فوربس‘ کے مطابق چھبیس سالہ امریکی گلوکارہ ٹیلر سوِفٹ دنیا کی امیر ترین گلوکارہ ہیں۔ اس جریدے کی ایک تازہ فہرست میں موسیقی، فلم اور کھیل کی دنیا کے کئی ستاروں کی ان کی دولت کے حساب سے درجہ بندی کی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1JNbK
USA Taylor Swift
امریکی گلوکارہ ٹیلر سوِفٹتصویر: picture-alliance/dpa/J. Szenes

نیوز ایجنسی اے ایف پی نے اس جریدے کے حوالے سے بتایا ہے کہ جون 2015ء اور جون 2016ء کے درمیانی عرصے میں چھبیس سالہ گلوکارہ ٹیلر سوِفٹ نے ایک سو ستّر ملین ڈالر کمائے، جو کہ اُس کی گزشتہ سال کی ریکارڈ آمدنی اَسّی ملین ڈالر کے دو گنا سےبھی زیادہ تھے۔

اس جریدے نے شوبز سے وابستہ امیر ترین ستاروں سے متعلق اپنی تازہ فہرست جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اپنی اس ریکارڈ آمدنی کے ساتھ ٹیلر سوِفٹ نے اڈَیل، برُوس اسپرنگسٹین، ریحانا اور میڈونا جیسے مشہور ترین گلوکاروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ یہی نہیں بلکہ وہ اپنی حریف کیٹی پَیری سے بھی آگے نکل گئی، جس نے گزشتہ سال ایک سو پینتیس ملین ڈالر سے بھی زیادہ رقم کمائی اور جو تازہ فہرست میں محض اکتالیس ملین ڈالر کے ساتھ کہیں تریسٹھ ویں نمبر پر آئی ہے۔

’فوربس‘ کے مطابق ٹیلر سوِفٹ کی اس آمدنی میں بنیادی کردار اُس کے کنسرٹس کے سلسلے ’1989ء ورلڈ ٹُور‘ نے ادا کیا۔ اس ٹُور کے ساتھ ٹیلر سوِفٹ نے شمالی امریکا میں مشہور بینڈ رولنگ اسٹونز کی آمدنی کا بھی ریکارڈ توڑ دیا ہے اور مجموعی طور پر اُس نے اس براعظم میں دو سو ملین ڈالر کمائے۔

’فوربس‘ کی اس فہرست میں شوبز کی دنیا کے ایک سو سب سے زیادہ پیسہ کمانے والے ستاروں کے نام دیے گئے ہیں۔ اس فہرست میں ٹیلر سوِفٹ کے بعد دوسری پوزیشن ایک سو دَس ملین ڈالر کمانے والے بوائے بینڈ ’وَن ڈائریکشن‘ کی اور تیسری پچانوے ملین ڈالر کی آمدنی حاصل کرنے والے امریکی ادیب جیمز پیٹرسن کی ہے۔ برطانوی گلوکارہ اڈَیل کہیں نو ویں نمبر پر ہیں، اپنی 80.5 ملین ڈالر کی آمدنی کے ساتھ۔

ہالی وُڈ کے فلمی ستاروں میں اداکارہ جینیفر لارنس کو دوسری مرتبہ سب سے زیادہ آمدنی والی اداکارہ قرار دیا گیا۔ ’فوربس‘ کے مطابق ’دی ہنگر گیمز‘ کی مرکزی اداکارہ کی سالانہ آمدنی چھیالیس ملین ڈالر رہی، جو اُس کی گزشتہ سال کی آمدنی باون ملین ڈالر سے قدرے کم ہے۔ اداکاروں میں ڈوین جانسن 64.5 ملین ڈالر کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے۔

Schauspielerin Jennifer Lawrence
اداکارہ جینیفر لارنستصویر: picture alliance/dpa/W. Oliver

سب سے زیادہ آمدنی کے اعتبار سے کھلاڑیوں میں تازہ تازہ یورپی چیمپئن بننے والے پرتگیزی کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو اپنے اٹھاسی ملین ڈالر کے ساتھ ’فوربس‘ کی اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔ اڑسٹھ ملین ڈالر کے ساتھ دوسری پوزیسن ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کی اور اکتالیس ملین ڈالر کے ساتھ تیسری پوزیشن جرمن ڈرائیور سیباستیان فیٹل کی ہے۔

سب سے زیادہ آمدنی والی ان ایک سو شخصیات کی مجموعی آمدنی 5.1 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید