1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کے سو امیر ترین شہری اب سب کے سب ارب پتی، فوربس

عاطف توقیر26 ستمبر 2014

جمعرات کو شائع ہونے والے فوربس سروے میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے سو امیر ترین شہریوں میں پہلی مرتبہ اب کوئی بھی ایسا شہری شامل نہیں جو ارب پتی نہ ہو۔ یہ تعداد پانچ برس قبل کے مقابلے میں تقریباﹰ دگنی ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1DLHY
Indien Mukesh Ambani
تصویر: AP

اس جائزے میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کے بہت زیادہ سرمائے کے حامل ان سو افراد کی مجموعی آمدن ایک تہائی اس وقت بڑھی جب گزشتہ برس عام انتخابات میں قوم پسند جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کامیاب ہوئی، نریندر مودی وزیر اعظم بنے اور بھارتی بازارِ حصص میں تیزی آئی۔

صنعت کار مکیش امبانی بھارتی امراء کی فہرست میں مسلسل آٹھویں برس بھی سب سے اوپر رہے۔ فوربس انڈیا کی ویب سائٹ کے مطابق امبانی کی مجموعی دولت 23.6 بلین ڈالر بنتی ہے۔ جائزے میں کہا گیا ہے کہ ریلائنس گروپ آف انڈسٹریز کے مالک امبانی کے اثاثوں میں گزشتہ برس 2.6 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا۔

جائزے کے مطابق بھارتی اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی کی وجہ سے جنوری سے اب تک ملک کے سو بڑے اُمراء کے سرمایے میں 30 فیصد کا اضافہ ہو چکا ہے اور اب ان کی ملکیت مجموعی سرمایہ 346 بلین ڈالر کے قریب بنتا ہے۔

اس جائزے کے نتائج ایسے موقع پر سامنے آئے ہیں، جب بھارت میں یہ بحث جاری ہے کہ ملک میں امراء، متوسط طبقے اور کروڑوں غریبوں کے درمیان معاشی خلیج مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔

مکیش امبانی کی ایک عالی شان عمارت
تصویر: cc-by-sa-Jhariani

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایک طرف بھارت میں یہ ارب پتی افراد اپنے بچوں کی شادیوں پر کئی ملین ڈالر کے اخراجات کرتے اور انتہائی پرتعیش تقریبات کا انعقاد کرتے، نوکروں کی فوج رکھتے اور اپنے ذاتی جہازوں میں سفر کرتے نظر آتے ہیں، تو دوسری جانب غریب ان محلات اور بلند و بالا عمارتوں کو اپنی جھونپڑیوں کے روزنوں سے دیکھتے ملتے ہیں۔ غریبوں کے یہ کچے گھر ایسے مضافاتی علاقوں میں قائم ہیں، جہاں نکاسیء آب تک کا انتظام نہیں اور اشیائے خوراک کی قلت ہے۔

فوربس میگزین کی بھارتی ارب پتیوں کی اس فہرست میں شمولیت کے لیے شرط کسی فرد کے پاس ایک ارب ڈالر یا اس سے زائد سرمائے کی موجودگی تھی۔ فوربس کے مطابق بھارت میں سن 2009ء میں ایک ارب ڈالر یا اس سے زائد سرمائے کے حامل افراد کی تعداد 52 تھی جو اب بڑھ کر سو تک جا پہنچی ہے تاہم بھارت کے حریف ملک چین کے مقابلے میں یہ تعداد اب بھی کم ہے۔ رواں برس مارچ میں فوربس نے چین کے حوالے سے اپنا جائزہ شائع کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ چین میں ایک ارب ڈالر یا اس سے زائد سرمائے کے مالک افراد کی مجموعی تعداد 152 ہے۔