1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی کوریا نے چار جنوبی کوریائی باشندے گرفتار کر لئے

30 جولائی 2009

شمالی اور جنوبی کوریا کے مابین پہلے سے موجود کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ وجہ جنوبی کوریا کی ایک ایسی کشتی بنی، جسے شمالی کوریا کے حکام نے جمعرات کے روز اپنے ملک کی سمندری حددو سے داخل ہونے پر تحویل میں لے لیا۔

https://p.dw.com/p/J0BP
ماہی گیروں کی ایک کشتی کوریائی سمندری حدود میںتصویر: AP

جنوبی کوریا کی اس کشتی پر شمالی حصے کی کمیونسٹ ریاست کے سمندری حفاظتی اہلکاروں نے قبضہ اس وقت کیا جب ان کے بقول، یہ کشتی غیر قانونی طور پر اپنے ملک کی سمندری حدود سے شمالی حصے کے سمندری علاقے میں داخل ہو گئی تھی۔

اس کشتی پر چار جنوبی کوریائی ماہی گیر سوار تھے، جنہیں شمالی کوریا کی حدود میں غیر قانونی طور پر داخلے کے الزام میں باقاعدہ طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سیئول میں جنوبی کوریائی ذرائع کے مطابق ماہی گیروں کی یہ کشتی غلطی سے شمالی کوریا کی سمندری حدود میں داخل ہوئی تھی۔

ماہرین کے بقول اس قسم کی غلطی کے سرزد ہونے کی ایک وجہ کشتی کے نیوی گیشن سسٹم میں اچانک پیدا ہونے والی خرابی بھی ہوسکتی ہے۔ سیئول میں حکام نے بتایا کہ اس کشتی کو شمالی حصے کی ریاست کی مشرقی سمندری حدود کے قریب تحویل میں لیا گیا۔

Warten auf die nächsten Raketen
سرحد کی نگرانی پر معمور ایک جنوبی کوریائی فوجیتصویر: AP

جنوبی کوریا کے ایک فوجی ترجمان نے پیونگ یونگ حکومت سے ان افراد کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہائی کی درخواست کی ہے۔ پیونگ یونگ نے یہ درخواست نامنظور کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیر حراست چاروں جنوبی کوریائی باشندوں سے تفتیش کی جارہی ہے۔

اس واقعے سے پہلے بھی دونوں کوریائی ریاستوں کے ماہی گیروں کو ایک دوسرے کی سمندری حدود میں غیر قانونی داخلے کے الزام میں گرفتار کیا جاتا رہا ہے اور ایسے گرفتار شدگان کو اکثر کچھ ہی عرصے بعد رہا کر دیا جاتا تھا۔ خبر ایجنسیوں کی رپورٹوں کے مطابق کمیونسٹ کوریا ان تازہ گرفتاریوں کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کا خواہشمند ہو سکتا ہے۔


رپورٹ: انعام حسن

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید