1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیاست میں فوج، آئی ایس آئی کا کردار محدود کیا جائے، نواز شریف

22 دسمبر 2011

مسلم لیگ نواز کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے سیاست میں فوج اورآئی ایس آئی کا کردارمحدود کرنے کی تجویز دی ہے۔

https://p.dw.com/p/13XgB
تصویر: picture-alliance/ dpa

کراچی میں ڈوئچے ویلے کو انٹرویو دیتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ سیاست میں فوجی مداخلت کا عمل ہر دور میں جاری رہا ہے مگر ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے فوج اور آئی ایس آئی کے ‘جن کو اب بوتل میں بند‘ کرنا ہو گا۔

نواز شریف کہتے ہیں کہ ماضی میں اپنی حکومت کی برطرفی اورجلا وطنی کے باوجود وہ سیاست میں فوج کا کردار محدود کرنے کے معاملے میں اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ نئے انتخابات سے قبل دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ اس موضوع پر مکالمت کے لیے تیارہیں۔ نواز شریف نے دفاعی بجٹ پارلیمنٹ کے سامنے پیش کیے جانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فوجی اخراجات پارلیمنٹ اور اس کی ذیلی کمیٹیوں کے سامنے پیش کیے جانے چاہیئں۔

Pakistan Raza Gilani Nawaz Sharif Opposition Regierung Islamabad
نواز شریف وزیراعظم گیلانی کے ہمراہ، فائل فوٹوتصویر: Press Information Department/HO/AP/dapd

بلوچستان کے عمومی مسائل کے حل کے لیے نواز شریف پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت بلوچستان کا مسئلہ حل کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ناراض بلوچ رہنماؤں اور نوجوانوں کو منانا ملکی سالمیت کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بچانا ہے تو بلوچ سرداروں سے بات کرنا ہو گی اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کا ازالہ کرنا ہو گا۔ نواز شریف نے بلوچستان میں فوجی آپریشن بند کرنے کے مختلف بلوچ تنظیموں کے مطالبے کی بھی حمایت کی۔

پاکستانی سیاست میں فوجی مداخلت اورعدلیہ سمیت دوسرے ریاستی اداروں کے اپنے اپنے دائرہ کار کے تعین کے بارے میں نوازشریف کا کہنا ہے کہ ‘میثاق جمہوریت‘ نامی دستاویز میں سب طے کر لیا گیا تھا مگر پیپلز پارٹی نے اس سے روگردانی کی۔

Pakistan Imran Khan
تحریک انصاف کے قائد عمران خانتصویر: Abdul Sabooh

ان کے بقول مستقبل میں سیاست میں غیر جمہوری قوتوں کی مداخلت روکنے کے لیے سیاسی قوتوں کے مابین نئے معاہدے کی ضرورت ہے۔ نواز شریف کہتے ہیں کہ جو فورسز جمہوریت کو نہیں مانتیں، وہ بھی انہیں نہیں مانتے۔

عمران خان کی سیاسی سرگرمیوں کے بارے میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان کے پیچھے کون سی قوت ہے، اس بارے میں اسٹیبلشمنٹ اور آئی ایس آئی کی سپورٹ کی باتیں زبان زدعام ہیں۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے اپنے اس انٹرویو میں موجودہ ملکی حالات کو پریشان کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ صدر آصف زرداری کی جگہ سربراہ مملکت ہوتے تو ملک میں قبل از وقت عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان کر دیتے۔

رپورٹ: رفعت سعید، کراچی

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں