1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’وزیر اعظم گیلانی نے اپوزیشن کے آگے گھٹنے ٹیک دیے‘

9 جنوری 2011

پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے مسلم لیگ کے دس نکاتی ایجنڈے کے تین روزہ الٹی میٹم کے ختم ہونے سے ایک روز پہلے ہی مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کو ٹیلی فون کرکے اپنا جواب، ’ہاں‘ میں دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/zvWY
وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے ہمراہ، فائل فوٹوتصویر: AP

نواز شریف نے چار جنوری کو حکومت کو تین دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے اصلاحِ احوال کا مطالبہ کیا تھا۔ گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کے بعد اس ڈیڈ لائن میں تین دن کی توسیع کر دی گئی تھی۔

اس سلسلے میں وزیراعظم ہاؤس سے اتوار کو باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے نوازشریف کو ٹیلی فون کرکے ان کے مطالبات پر عملدرآمد کا یقین دلایا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ 45 دنوں کے اندر اندر اس ایجنڈے پر عملدرآمد کی کوشش کریں گے۔

Pakistan Politik Koalition
وزیر اعظم گیلانی ایم کیو ایم کے مرکز کے دورے کے موقع پرتصویر: picture-alliance/dpa

انہوں نے اس حوالے مسلم لیگ ن سے تعاون بھی طلب کیا، جس پر نوازشریف نے انہیں مبینہ طور پر بتایا کہ اسحق ڈار کی سربراہی میں ن لیگ کی تین رکنی کمیٹی حکومت سے تعاون کرے گی۔ تجزیہ نگاروں کے خیال میں وزیراعظم کی جانب سے ن لیگ کی قیادت سے رابطے کے بعد پنجاب میں آنے والا ممکنہ سیاسی طوفان تھم گیا ہے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف نے 4 جنوری کو اپنا 10نکاتی ایجنڈا پیش کیا تھا، جس میں مبینہ کرپٹ وزراء کی برطرفی، عدلیہ کے فیصلوں پر مکمل عملدرآمد اور آزاد الیکشن کمیشن کی تنظیم جیسے مطالبات شامل تھے۔

انہوں نے حکومت کو ان معاملات پر ردعمل ظاہر کرنے کے لئے تین روز کا الٹی میٹم دیا تھا۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے مطالبات نہ ماننے کی صورت میں پیپلزپارٹی کو پنجاب حکومت سے فارغ کرنے کی دھمکی دی تھی۔

مسلم لیگ ن کی یہ ڈیڈ لائن پیر کی شام کو ختم ہو رہی ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے پاکستانی ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اب ان کی جماعت کو امید ہے کہ 45 روز کی مدت میں حکومت ’نیک نیتی‘ سے اس ایجنڈے پر عمل کرے گی۔

Pakistan Nawaz Shrif und Präsident Asif Ali Zardari
نواز شریف اور آصف زرداری ایک ملاقات کے موقع پر ، فائل فوٹوتصویر: Abdul Sabooh

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے مثبت جواب سامنے آیا ہے اور حکومت کو دی جانے والی تین دن کے الٹی میٹم کی کوئی حثیت باقی نہیں رہی۔ قبل ازیں یوسف رضا گیلانی ایم کیو ایم کو بھی دوبارہ حکومت میں شامل ہونے پر رضا مند کر چکے ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ نے مبینہ طور پر پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں جیسے مسائل کی وجہ سے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

رپورٹ : امتیاز احمد

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں