1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زیر سمندر ریل سروس کے ملازمین کی سات روزہ ہڑتال

صائمہ حیدر10 اگست 2016

برطانیہ کو براعظم پورپ سے ملانے والی زیر سمندر ریل سروس ’یورو اسٹار ‘ کے ملازمین نے رواں ماہ مجموعی طور پر سات روز کی ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1JfD7
Calais ICE3 Tunnel Eurostar
یورو ٹنل برطانیہ کو براعظم یورپ سے ملاتی ہےتصویر: Denis Charlet/AFP/Getty Images

رودبارِ انگلستان کے پانیوں کے نیچے بنائی گئی ’یورو یا چینل ٹنل‘ نامی طویل سرنگ میں ایک سرے سے دوسرے سرے تک ’یورو سٹار‘ نامی ریل گاڑیاں چلائی جاتی ہیں۔ برطانیہ کی ٹیوب ریل یونین آر ایم ٹی کے مطابق ہڑتال کا یہ فیصلہ ملازمت کے اوقات اور زندگی میں توازن کے حوالے سے طویل عرصے سے چلے آ رہے تنازعے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

آر ایم ٹی کے مطابق یہ ہڑتال دو حصوں میں، یعنی بارہ سے پندرہ اگست اور ستائیس سے انتیس اگست کے مابین کی جائے گی۔ اس تنازعے میں 80 ٹرینوں کے مینیجر شامل ہیں۔ ٹیوب یونین کا کہنا ہے کہ ان کے پچانوے فیصد ارکان نے ووٹ کے ذریعے اس ہڑتال کی حمایت کی ہے۔ یورو سٹار نے کہا ہے کہ اسے ہڑتال کے دنوں میں اپنے ٹائم ٹیبل میں معمولی تبدیلیاں کرنا ہوں گی تاکہ ان مسافروں کے سفر کو یقینی بنایا جا سکے جنہوں نے پہلے سے ہی ٹکٹیں خرید رکھی ہیں۔ یورو ریل کمپنی کے مطابق ایک یا دو ٹرینوں کی روانگی کو منسوخ کیا جا سکتا ہے تاہم مسافر بعد میں چلنے والی ٹرینوں میں سفر کر سکیں گے۔

Frankreich TGV in Paris
زیر سمندر ٹرین سروس ’یورو سٹار‘ کے ملازمین سات دن ہڑتال پر رہیں گےتصویر: picture-alliance/dpa

آر ایم ٹی کے مطابق یہ تنازعہ سن دو ہزار آٹھ میں کیے گئے اس معاہدے کا احترام نہ کیے جانے کے تناظر میں چل رہا ہے، جس میں طے پایا تھا کہ یورو ریل کے ملازمین کے کام کے اوقات اور سماجی زندگی میں توازن قائم رکھا جائے گا۔ آر ایم ٹی کے سکریٹری جنرل مک کیش نے ایک بیان میں کہا،’’یورو سٹار میں ہماری ٹرین انتظامیہ کے ملازمین پر لگاتار شفٹوں کا اضافی بوجھ ہے اور وہ بیمار پڑ گئے ہیں۔ مزید برآں وہ معاہدوں کی پاسداری کے سلسلے میں کمپنی کی ناکامی سے بھی تنگ آ چکے ہیں۔‘‘

یورو سٹار، جس کی زیادہ تر ملکیتی حقوق فرانسیسی ریاستی ریل کے پاس ہیں، کا کہنا تھا کہ تنازعے کے حل کی کوششیں جاری ہیں۔